ملائشین ہائی کمیشن ، پاکستانی ٹریول ایجنسیز کوملائشیا میں سیاحتی بزنس کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا، مرزا محمد طیب

پیر 19 فروری 2018 14:49

ملائشین ہائی کمیشن ، پاکستانی ٹریول ایجنسیز کوملائشیا میں سیاحتی بزنس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2018ء)اسلام آباد میں ملائشین ہائی کمیشن اور کراچی میں قونصلیٹ پاکستانی ٹریول ایجنسیز کوملائشیا میں سیاحتی بزنس کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیاحت کے فروغ کے بے شمار مواقع دستیاب ہیں۔ ملائشیا اور پاکستان کے درمیان سیاحت کو پروان چڑھانے اور ٹورازم کو دونوں ممالک کی ٹریول ایجنسیز کے مفادمیں اجاگر کرنے کیلئے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان(TAAP ) اور ملائشیا ٹورازم پروموشن بورڈ (Tourism Malaysia) کے درمیان سیاحت کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار ٹورازم ملائشیا کے ڈائریکٹر جنرل سیری مرزا محمد طیب نے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین محمد نعیم شریف کے دورہ ملائشیا کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ٹورازم ملائشیا اور TAAP کے دیگر ارکان بھی موجودتھے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد نعیم شریف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ بحیثیت اسٹیک ہولڈر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان ایئر ٹریول ٹریڈ اور سیاحتی و منسلکہ سروسز کے فروغ اور ممبران کے جائز حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے اور پاکستان اور ملائشیا کے درمیان سیاحت کو بڑھانے کیلئے تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پاکستانی سیاح کثیر تعداد میں ملائشیا جاتے ہیں جبکہ ملائشیا سے سیاحوں کو پاکستان آنے کی ترغیب دلانے کیلئے ملائشیاکے سفارتی مشنز اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید تجویز دی کہ سفارتی مشنز اور ایسوسی ایشن کے اشتراک سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو اجاگر کرنے اور نئے ٹورازم بزنس کے مواقعوں کوتلاش کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں جس میں پاکستان اور ملائشیا کے ٹریول اور ٹورازم کمپنیوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔۔