قصور میں مبینہ طور پر سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر بہو کو آگ لگادی

جناح ہسپتال میں زیر علاج 27سالہ ارم کا جسم 80فیصد تک جھلس چکا ، حالت تشویشناک

پیر 19 فروری 2018 13:35

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) قصور میں مبینہ طور پر سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر بہو کو آگ لگادی۔بتایا گیا ہے کہ قصور کے نواحی گائوں لدھیکی کی رہائشی 27 سالہ ارم کو شدید جھلسی ہوئی حالت میں لاہور کے جناح ہسپتال لایا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ارم کا جسم 80 فیصد تک جھلس چکا ہے، اس کی حالت تشویشناک ہے اور اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ارم کے والدین نے اپنی بیٹی کے سسرالیوں پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ارم کو اس کے سسرالیوں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی ہے۔ ارم تین بچوں کی ماں ہے اور گزشتہ 10 روز سے اس کی سسرالیوں سے تکرار چل رہی تھی، معمولی گھریلو جھگڑے پر سسرالیوں نے ہماری بیٹی کو جلا دیا۔ارم کے والدین کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع قصور کے تھانہ اے ڈویژن پولیس کو دے دی گئی لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ وزیراعلی پنجاب اور چیف جسٹس پاکستان واقعے کا نوٹس لے کر ہمیں انصاف فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :