تجارتی مراکز میں موسم بہار کے ملبوسات کی خرید و فروخت شروع ہو گئی

پیر 19 فروری 2018 13:03

تجارتی مراکز میں موسم بہار کے ملبوسات کی خرید و فروخت شروع ہو گئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی تجارتی مراکز میں موسم بہار کے ملبوسات بالخصوص خواتین کے رنگا رنگ پہناووں کی خریدوفروخت کا سلسلہ شرو ع ہو گیا۔ سلے ان سلے ملبوسات فروخت کرنے والے تاجروں نے نت نئے رنگوں، ڈیزائن اور اقسام کے کپڑے، دیدہ زیب انداز میں دکانوں پر سجا لئے جو خریداروں کواپنی جانب مائل کرنے لگے۔

(جاری ہے)

مردوں کے ان سلے اور سلے ملبوسات کی دکانوں پر بھی واش اینڈ ویئر اور کاٹن کی نت نئی ورائٹی و رنگوں کے ملبوسات کی خریدوفروخت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ خواتین کے ملبوسات کی دکانوں پر لان کے دیدہ زیب رنگ بکھرے دکھائی دیتے ہیں۔ موسم تبدیل ہونے کے ساتھ ہی دکانداروں نے آئوٹ سیزن ملبوسات کی بھی سیل لگا دی ہے جبکہ جوتوں کی دکانوں پر بھی خریداروں کو مائل کرنے کے لئے پرکشش سیل کے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ دن بھر خواتین خریداری میں مصروف نظر آتی ہیں جبکہ شام کے اوقات میں مرد اہل خانہ کے ہمراہ تجارتی مراکز کا رخ کرتے ہیں۔ جی نائن مرکز کے تاجروں کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ بھرپور سیزن لگے گا۔ گذشتہ سیزن کی نسبت اچھے کاروبار کی توقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :