2014ء سے سن رہے کہ حکومت فلاں دن جارہی ہے لیکن میرے پروردگار نے سرخرو کیا ‘

وزیر اعظم گالیوں سے نہیں بنتے اگر اس طرح کا رواج دیا گیا تو ملک تباہی میں چلا جائے گا،خواجہ آصف

پیر 19 فروری 2018 00:30

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2018ء) وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ انیشیٹیو کے تحت سیالکوٹ کے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے ،گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے سبزار میں منعقدہ تقریب میں ضلع سیالکوٹ کے مجموعی طور پر 964طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں سے 312طلبہ جبکہ 652طالبات شامل ہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہاکہ پنجاب حکومت نے گذشتہ10سالوں اور وفاقی حکومت نے گذشتہ 5سالوں کے دوران تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی ہے قوم اس کا منافع 10یا 15سال نہیں بلکہ رہتی دنیا تک حاصل کرے گی بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو لیپ ٹاپ اور ایجوکیشن انڈوومنٹ جیسے تعلیم دوست کامیاب پروگراموں کے اجراء پر ضرور اجر عظیم ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نعروں کی سیاست کو حقیقت کا روپ دیا ہے اور اعلیٰ تعلیم کے دروازے ایسے طبقے پر کھولیں ہیں جن کی پہنچ میں یہ سہولیات میسر نہیں تھیں ۔ انہوں نے کہاکہ لیپ ٹاپ اور ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈز کلچرل کا حصہ بن چکا ہے جس سے لاکھوں اسٹوڈننس استفادہ حاصل کررہے ہیں ان کے خاندان اور آنے والی نسلوں میںتبدیلی آئے گی جو ملٹی پلائی ہوتی رہے گی جس سے ہمارے معاشرے میں مجموعی طور پر خوشگوار تبدیلی آئے گی کیونکہ باوقار اور باعزت قوم بننے کیلئے تمام ترلوزامات مہیا کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے اپنی مادر علمی گورنمنٹ کالج لاہور کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ درسگاہ اس اعتبار سے فخر کرسکتی ہے کہ اس سے فارغ التحصیل ہونے والے میاں محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ درسگاہوں کو ماں کا درجہ اسلئے دیا جاتا ہے کہ اسکی گود میں قومیں پروان چڑھتی ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان اس وقت پُرآشوب دور سے گذر رہا ہے کئی سالوں کے تگ ودو کے بعد 2008ء میں پنجاب حکومت سے مسلم لیگ ن نے خدمت کا آغاز کیا اور 2013ء کے الیکشن میں عوام کی ووٹ کی طاقت سے وفاق میں حکومت بنی اور اسی طرح آزاد کشمیر ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہاک 2014ء سے سن رہے کہ حکومت فلاں دن جارہی ہے لیکن میرے پروردگار نے سرخرو کیا ۔ انہوں نے کہاکہ جولائی 2018ء میں عام انتخابات ہونگے اور کارکردگی کی بنیاد پر سیاسی جماعتوں کو عوام پرکھے گی اور ووٹ دے گی ۔ انہوں نے ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھنا ووٹر کا فرض ہے ووٹ کی پرچی سے ملک کی حالت سنورتی بھی اور بگڑتی بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک ایسی طاقت ہے جو ہر 18 سال کے پاکستانیوں کو بلا امتیاز مساوی تقسیم کی گئی ہے اور ووٹر کی حیثیت سے آپ پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ آپ اپنے ووٹ کا استعمال صرف اور صرف پاک دھرتی کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے کریں اور مذہبی اور گروہی تعصب پر ووٹ کا استعمال نہ کریں ۔

انہوں نے کہاکہ ووٹ کی طاقت سے برج الٹے دیکھے ہیں جو لوگ اپنے آپ کو ناقابل تسخیر سمجھتے ہیں وہ مٹی میں مل جاتے ہیں یہ طاقت عوام کے ہاتھ میں ہے ۔ انہوں نے طلبہ وہ طالبات پر زور دیا کہ وہ اساتذہ کا احترام بجا لائیں ۔ انہو ں نے کہاکہ والدین اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے اور زندگی کی ڈور میں آگے بڑھنے کیلئے بہت قربانیاں دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ اور والدین آپ کے محسن ہیں اور جو لوگ اپنے محسنوں کو یاد رکھتے ہیں وہ پھلتے پھولتے ہیں اور ترقی کرتے ہیں کیونکہ احسان کا بہترین بدلہ شکرگذاری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ 1947ء سے لیکر2013ء تک جتنی بجلی میسر تھی اس کا 75فیصد اس دور میں نیشنل گرڈ میں شامل کیا گیا 10ہزار800میگا واٹ کے نیشنل گرڈ میں شامل ہونے کے بعد ملک سے لودشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے ۔ جبکہ 18سو کلومیٹر طویل روڈز بھی تعمیر کئے گئے بلوچستان سے گوادر تک کا فاصلہ 9سی10گھنٹوں کا رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوادر بندگاہ خطہ کی سب سے بڑی اور مصروف ترین بندرگاہ ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے کاغذی میں چیزوں کو حقیقت کا روپ دیا ہے اور یہ تقریب بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی امن کی خواہش کو عملی جامہ پہنایا ہے کراچی 2013ء دنیا کے خطرناک شہریوں میں چھٹے نمبر پر تھا اور اب 56ویں نمبرپر آگیا ہے ۔ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان فوج کے بیٹوں اور جوانوں، پولیس ، رینجرز اور پیرا ملٹری فورسسز نے مسلسل جنگ لڑی ہے اور کامیابیاں حاصل کی ہے ۔

انہوں نے مشرقی ہمسایہ ملک ہندستان دشمنی کا منبہ ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملکی وسائل عوام کی فلاح و بہبود اور غربت کے خاتمہ کیلئے خرچ کریں لیکن جب ہم پر جنگیں مسلط کی جائیں گی تو اس کا ٹھوک کے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس دھرتی میں اتنے وسائل ہیں کہ ہمیں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ م اس سرزمین کے ساتھ وفا اور خلوص کی انوسٹمنٹ کریںاس کے منافع سے آنے والی نسلیں سنور جائیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ خواہشوں کی غلامی سے آزادی حاصل کرنی ہے اور اگر خواہش کرنی ہے تو اللہ کی رضا کی خواہش کریں۔ وزیر اعظم گالیوں سے نہیں بنتے اگر اس طرح کا رواج دیا گیا تو ملک تباہی میں چلا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیاست محبت اور وفا کا نام ہے سیاست ناممکنات نہیں بلکہ ممکنات کا نام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ سیاست کو ترک کرکے نئی نسل سے اپنے تجربات شیئر کرنے کیلئے تدریس شروع کردوں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ الیکشن آنے والا ہے اگر آپ ووٹ ڈالتے ہوئے ڈنڈی مارے گا تو اس کے نتیجے میں جو لیڈر آئے گا وہ ڈنڈا مارے گا۔ انہوں نے حکمران قوم کی اجتماعی سوچ کا آئینہ ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری صوبائی اور وفاقی حکومت نے عوام کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے لیکن ہماری ہر چیز کو نقطہ چینی کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رپورٹ کارڈ آپ کے سامنے ہے اور مجھے امید ہے عوام جولائی 2018ء کے الیکشن میں قائم ہونے والے امتحانی مراکز میں اپنے ووٹوں سے ہمیں نوازے گے۔

انہوں نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں جو منزلیں طے کی ہیں وہ آپ کے سامنے ہیں اب یہ آپ کا فرض ہے کہ آپ پوری دیانت کے ساتھ ووٹ کا استعمال کریں تاکہ اس مٹی کے قرض اتارے جاسکے۔ تقریر کے آخر میں وفاقی وزیر نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

متعلقہ عنوان :