شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں حالیہ حفاظتی صورتحال کے پیشِ نظر اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

اتوار 18 فروری 2018 22:30

سکھر۔18فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء)شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں حالیہ حفاظتی صورتحال کے پیشِ نظر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغا زمیں پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حالیہ حفاظتی صورتحال کے پیشِ نظر یونیورسٹی کے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کی حفاظت کیلئے 10پولیس کانسٹیبل دینے پر ایس ایس پی خیرپور کا شکریہ ادا کیا ، اس کے علاوہ یونیورسٹی میں حفاظتی اقدامات بہتر بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر خیرپور کے اقدامات کو بھی سراہا۔ طویل گفت و شنید کے بعد اہم فیصلے کیئے گئے۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ تمام فیکلٹیوں کے ڈین صاحبان اپنے اپنے شعبہ جات کے سربراہان سے میٹنگ کریں گے اور انہیں حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

شعبوں کے سربراہان طلبہ و طالبات کو مشکوک سرگرمیوں کے متعلق آگاہی دیں گے۔ کلاس کے طلبہ نمائندوں کی حفاظتی تربیت علامہ آئی آئی قاضی ہال میں دی جائے گی تاکہ طلبہ و طالبات کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہ سکیں۔ کلاس کے اساتذہ طلبہ و طالبات کو حفاظتی اقدامات کے متعلق آگاہی دیں گے۔ یونیورسٹی کے تمام طلبہ و طالبات اپنی اپنی کلاسوں میں اورکلاسوں کے باہر اپنی اسٹوڈنٹ کارڈ پہنے گے۔

سی سی ٹی وی کیمرا و دیگر حفاظتی آلات روز مرہ کی بنیاد پر مانیٹر کیئے جائیں گے۔ پوائنٹ بسوں کے کنڈکٹرز طلبہ و طالبات کو میٹل ڈٹیکٹرز سے چیک کریں گے۔ اسٹوڈنٹ ویلفیئر آفیسر اور اسسٹنٹ سیکیورٹی آفیسر طلبہ و طالبات کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں گے۔ یونیورسٹی کی بیرونی دیواروں پر خار دار تاریں نصب کی جائیں گی۔