سانحہ ستارہ مارکیٹ ٹاٹا بازار فیکٹری ایریا کے متاثرین کے نقصانات کی تلافی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،رانا ثناء الله

اتوار 18 فروری 2018 21:30

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے آتشزدگی کے سانحہ ستارہ مارکیٹ ٹاٹا بازار فیکٹری ایریا کے متاثرین کے نقصانات کی تلافی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اس مقصد کے لئے ٹیکینکل کمیٹی کی طرف سے رپورٹ مرتب کی جارہی ہے ۔ انہوں نے یہ بات فیکٹری ایریا ٹاٹا بازار میں آگ کے حادثہ میں ستارہ مارکیٹ کی جلی ہوئی دکانوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل شرافت علی خاں خٹک ‘ ٹاٹا بازار کی مختلف مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں کے نمائندے حاجی شمشاد علی ‘ رانا آصف ‘ حاجی یاسین و دیگر کے علاوہ حادثہ میںجاں بحق ہونے والوں فوزیہ بی بی اور زاہد کے بھائی شیخ طلعت اور ساجد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے حکومت اور اپنی طرف سے آتشزدگی کے المناک سانحہ پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثہ میں جانی و مالی نقصان پر بے حد افسوس ہے تاہم متاثرہ دکانداروں کی پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے تلافی کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں گے تاہم انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں لیکن متوفیان کے خاندانوں کی مالی امداد کے لئے بھی ضروری کارروائی کی جارہی ہے ۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے متاثرہ دکانداروں سے ہمدردی کا اظہاراور ان کی دلجوئی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی لیکن وہ سیاسی مخالفین کے بہکاوے میں نہ آئیں جو ایسے اتفاقی حادثات میں متاثرین کو گمراہ کرنے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ستارہ مارکیٹ میں آتشزدگی کے حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ہیڈ کوارٹرز ) کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی اور نقصانات کا اندازہ لگانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر(سٹی ) کی زیر نگرانی اسیسمنٹ کمیٹیز تشکیل دی ہیں جن کی جلد رپورٹس سامنے آجائیں گی اور کسی کی دانستہ غفلت یا لاپرواہی کی نشاندہی کی گئی تو قصور واروں کے خلاف محکمانہ ایکشن اور قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کے حکام سے کہا گیا ہے کہ شہر کی مارکیٹوں میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لئے فوری طور پر ضروری اقدامات کئے جائیں اور بلند و بالا عمارتوں ‘ تنگ و گنجان مارکیٹ میں بجلی و سوئی گیس کی تنصیبات کو محفوظ بنانے کے علاوہ قانونی تقاضوں کے مطابق دیگر حفاظتی امور پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے ۔انہوں نے بتایا کہ آگ جیسے المناک حادثہ میں تیز رفتار امدادی کارروائیوں کے لئے ریسکیو 1122 کو بھی جدید تقاضوں ہم آہنگ کیا گیا ہے ۔

اس موقع پر ٹاٹا بازار کی مختلف مارکیٹوں کے عہدیداروں نے آتشزدگی کے واقعہ کی تفصیلات اور بجلی کے ٹرانسفارمر پھٹنے کی وجوہات سے آگاہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں پر زور دیا کہ متاثرہ دکانداروں کے نقصانات کی سرکاری سطح پر تلافی اورحادثہ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کی مالی امداد کی جائے ۔ انہوں نے آگ کے حادثہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ۔