کراچی کے شہری پی ایس ایل تھری کے فائنل کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں

ہماری دعا ہے کہ فائنل کراچی کنگز ہی جیتے، ٹیسٹ کرکٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل بھی کراچی میں جلد شروع ہو گی وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کراچی کنگز کو دیئے جانے والے ظہرانے سی خطاب

اتوار 18 فروری 2018 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگ پاکستان سپر لیگ تھری (پی ایس ایل) کے فائنل کا بڑی بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، ہم نے ایک سال میں طویل فاصلہ طے کیا ہے اور بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کراچی کنگز کو دیئے جانے والے ظہرانے کی تقریب سی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے لوگوں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو چکا ہے، اگر پہلے پتہ ہوتا تو اس ایونٹ کی لابنگ کرتا،25 مارچ کو پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہو گا اور کراچی سمیت صوبے بھر کے لوگ اس حوالے سے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس بار پی ایس ایل کا فائنل کراچی کنگز ہی جیتے گی، یہ کپ ہمیں جیتنا ہے اور ہم سب کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کراچی میں شروع کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا برا حال تھا لیکن اب یہ اسٹیڈیم بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو گیا ہے۔ سیکورٹی کے حوالے سے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئی سی سی کی ٹیم نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات پر اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، شائقین سے یہ توقع ضرور کرتے ہیں کہ جو ایس او پیز فائنل کے لئے بنائے جائیں ان پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ مزہ تب آئے گا جب کراچی کنکز فائنل میں آئے گی اور جیتے گی۔ بعد ازاں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل فائنل میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور اب کراچی کی روشنیاں لوٹ آئی ہیں، کراچی کا امن دوبارہ بحال ہوگیا ہے۔ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں انڈر پاس اور برج میرے زیر نگرانی تعمیر کئے جا رہے ہیں، پنجاب چورنگی پر انڈر پاس، شاہراہ فیصل اور یونیورسٹی روڈ کے 2 پورشنز ایک حسن اسکوائر سے نیپا تک اور دوسرا این ای ڈے سے صفورا چوک تک مکمل کرنا ہے، شہید ملت روڈ پر تین جگہ سگنل فری کرنے کے لئے انڈر پاسز اور فلائی اوور بنا رہے ہیں۔