صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری کھادوں کی بیخ کنی کیخلاف محکمہ زراعت کی مہم زوروشور سے جاری

اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ضلع ساہیوال کااپنی ٹیم اور پولیس نفری کے ہمراہ منٹگمری بسکٹ فیکٹری میں واقع میسرز ایگری فارمز سروسز کے ریجنل سٹور میں جاری جعلی زرعی ادویا ت کی پیکنگ اور ری فلنگ پر کامیاب چھاپہ جعلی زرعی ادویات برآمد،جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹری کو سیل کرکے فیکٹری میں کام کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا

اتوار 18 فروری 2018 21:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) محمدمحمود،سیکرٹری زراعت پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات اور غیر معیاری کھادوں کی بیخ کنی کے خلاف محکمہ زراعت کی مہم زوروشور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ جعلی زرعی ادویات کے گھنائونے دھندے میں ملوث عناصر ملکی معاشی اور زرعی ترقی کے دشمن ہیں، ان کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، جعلی زرعی ادویات سے جہاں خریدار سخت متاثر ہوتا ہے وہیںزرعی ادویات کے غیر موثر ہونے سے فصلوںپرکیڑوں کا حملہ شدت اختیا ر کرجاتا ہے۔

جعلی زرعی ادویات کے خاتمہ کے لیے جاری اسی مہم کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ضلع ساہیوال نے مخبر کی اطلاع پراپنی ٹیم اور پولیس نفری کے ہمراہ منٹگمری بسکٹ فیکٹری میں واقع میسرز ایگری فارمز سروسز کے ریجنل سٹور میں جاری جعلی زرعی ادویا ت کی پیکنگ اور ری فلنگ پر کامیاب چھاپہ مارا۔

(جاری ہے)

چھاپے کے دوران فیکٹری کا عملہ زرعی ادویات کی ایکسپائری ڈیٹ کو تبدیل اور خود ساختہ قیمت کے لیبل چسپاںکررہا تھا ۔

جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹری کو سیل کرکے فیکٹری میں کام کرنے والوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس موقع پر ری فلنگ اور پیکنگ میٹریل و دیگرزرعی ادویات برآمد کر کے بطور مال مقدمہ حو الہ پولیس کی گئیں۔محکمہ زراعت کے افسران اور پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی مختلف جعلی زرعی ادویات کو بھی قبضے میں لے لیا۔ملزمان میں سٹور انچارج عبدالوقار اور لیبر میں محمد تنویر اور محمد شاہد کو موقع پر ہی گرفتا ر کر لیا گیا ۔

ملزمان کے خلاف زیر دفعہ a))23 21A,بمطابق زرعی پیسٹی سائیڈ آرڈیننس1971ترمیم شدہ 1997رولز 1973 کے تحت تھانہ غلہ منڈی تحصیل وضلع ساہیوال میں ایف آئی آر کا اندراج کرلیا گیا ہے ۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ جعلی زرعی ادویات ایک گھنائونا اور مکروہ کاروبار ہے، اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کاروائی کے لئے سیکرٹری زراعت پنجاب کی سربراہی میں محکمہ زراعت پوری طرح متحرک ہے اور اس کاروبار سے وابستہ عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :