ڈاکٹر جمال ناصر کی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور،اہم سیاسی اور قومی معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال

اتوار 18 فروری 2018 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) معروف سماجی و سیاسی رہنما ڈاکٹر جمال ناصر نے گورنر ہاوس لاہور میںگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی اوران سے باہمی دلچسپی کے امور،اہم سیاسی اور قومی معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں پائیددار ترقی کے لئے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنیادوں پراستوار کیاہے۔

انہوںنے کہاکہ پارلیمانی نظام کی مضبوطی کے لیے جمہوری عمل کا ارتقاء نا گزیر ہے موجودہ حکومت سماجی انصاف اور قومی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدمات بروے کار لارہی ہے جس کا مقصد عام آدمی کے سماجی و اقتصادی حالات میں بہتری لانا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصرنے گورنر پنجاب سے ملاقات کے دوران حکومت پنجا ب کے تعلیمی ،طبی،رفاعی اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ سماجی واقتصادی سرگرمیوں کا فروغ اور توانائی کے منصوبوں کی وقت مقررہ سے پہلے تکمیل کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی میں تعمیر و ترقی کے پرگرام حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا مظہرہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمیں قومی مفاد اور یکجہتی کو مد نظر رکھتے ہوئے انفراد ی اور اجتماعی سطح پر قومی سوچ اور ذمہ دارانہ طرز عمل اپنا نا چاہیے تاکہ معاشرے میں برداشت ، صبر و تحمل اور درگزر کی اعلی اخلاقی روایات قائم ہوں اور معاشرے میں بے چینی اور اضطراب کے بجائے امن ، استحکام اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ پاکستان کا استحکام اور ترقی ہمارا مطمئع نظر ہونا چاہیے اور نوجوان اپنے اندر یہ اوصاف پیدا کرکے پاکستان کو قوموں کی برداری میں نمایاںاور ممتاز مقام دلا سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ اس مقصدکے حصول کے لئے سماجی بہبود کے ادارے ہر ممکن کوشاں ہیں۔