نواز شریف جلد کراچی میں ایک بڑے تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے، وفاقی وزیر ماحولیات سینیٹر مشاہد اللہ خان

آئندہ کے انتخابات میں مسلم لیگ ن ایک بار پھر کامیابی حاصل کرے گی اور عوام نواز شریف کو ووٹ دیں گے

اتوار 18 فروری 2018 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر ماحولیات سنیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف جلد کراچی میں ایک بڑے تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے ان کی خواہش ہے کہ جتنی اہمیت لاہور کو وہاں ہونے والی ترقی سے حاصل ہے اس زیادہ اہمیت کراچی کو حاصل ہو اس ہی وجہ سے انھوں نے کراچی پیکیج سمیت کراچی کو کئی بڑے ترقیاتی منصوبے دیئے ہیں، آئندہ کے انتخابات میں مسلم لیگ ن ایک بار پھر کامیابی حاصل کرے گی اور عوام نواز شریف کو ووٹ دیں گے، ہمارے لوگوں کے ہونٹوں پر تالے لگائے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں اتوار کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سنیٹر سلیم ضیاء،خواجہ طارق نذیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سنیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ لودھراں جسطرح سے مسلم لیگ ن کے امیدوار نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ نواز شریف پر لگائے جانے والے الزمات جھوٹے ہیں اور عوام نے ان کا اثر نہیں لیا۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے نہ صرف پنجاب میں کام کیا بلکہ ملک تمام صوبوں اور علاقوں کو انھوں نے ترقی دی ہے ۔ کراچی میں نہ صرف انھوں عوام کو امن کا تحفہ دیا ہے بلکہ اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے دیئے ہیں ہیں جن میں کراچی پیکیج ، گرین لائن ، اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔انھوں نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان دنوں جماعتوں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اور دونوں جماعتیں سندھ میں چالیس سالوں سے حکومیتیں کرتی چلی آرہی ہیں، جس جمہوری عمل کی بنیاد نواز شریف اور شہید بے نظیر بھٹو نے میثاق جمہوریت کی شکل میں رکھی اسے اٹھاکر ایک طرف رکھ دیا گیا ہے۔

سنیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت افسوس ہورہا ہے کہ سندھ میں اراکین اسمبلی کو بھیڑبکر یوں کی طرح سینٹ کے الیکشن کے لئے خرید و فروخت کی جارہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں کوئی فرق نہیں ہے ایم کیو ایم والے جو کچھ کر رہے ہیں یہ ڈرامہ ہے دونوں ملکر کراچی کو پھر سے یر غمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے سندھ کے دیہی اور شہری عوام کے ساتھ بہت نہ نا انصافیاں اور زیادتیاں کی ہیں ، جو کام سندھ حکومت کو کرنے تھے وہ یہاں وفاقی حکومت نے کئے ہیںکراچی کو دھشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے رینجرز اور پولیس کے ذریعے سے دلوایا ہے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے عدلیہ کو کبھی نشانہ نہیں بنایا بلکہ عدلیہ بحالی کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں۔

لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ عدلیہ میں صرف ایک پارٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ہمارے لوگوں کے ہونٹوں پر تالے لگائے جارہے ہیں،سابق وفاقی وزیر حکیم بلوچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ حکیم بلوچ جہاں سے آئے تھے وہیں واپس چلے گئے۔ اس لئے کہ ان پر پیپلز پارٹی کا رنگ چڑھا ہوا تھا۔