کوئٹہ‘ کراچی‘ پنجاب سمیت ملک کے ہر کونے میں پختون موجود ہیں‘ پختون وہ قوم ہے جس نے پاکستان کو متحد ر کھا ہواہے‘ ملالہ یوسف زئی‘ رحیم اللہ یوسف زئی‘ شاہد آفریدی‘ جہانگیر خان ہوں یا جان شیر خان سب نے نہ صرف پختونوں کا نام زندہ کیا بلکہ ملک کا نام بھی بلند کیا‘نقیب اللہ کیس میں سب جماعتوں نے ساتھ دیا‘ ‘ مسلم لیگ (ن) میں رہ کر ہر صوبے سے پختونوں کے حقوق حاصل کرینگے

وزیر اعظم کے مشیر و مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کا پختون فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام سالانہ کنونشن سے خطاب

اتوار 18 فروری 2018 20:40

لاہور۔18 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) وزیر اعظم کے مشیر و مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کوئٹہ‘ کراچی‘ پنجاب سمیت ملک کے ہر کونے میں پختون موجود ہیں‘ پختون وہ قوم ہے جس نے پاکستان کو متحد ر کھا ہواہے‘ ملالہ یوسف زئی‘ رحیم اللہ یوسف زئی‘ شاہد آفریدی‘ جہانگیر خان ہوں یا جان شیر خان سب نے نہ صرف پختونوں کا نام زندہ کیا بلکہ ملک کا نام بھی بلند کیا‘نقیب اللہ کیس میں سب جماعتوں نے ساتھ دیا‘ رائو انوار کو کیفر کردار پہنچایا جانا چاہئے‘ مسلم لیگ (ن) میں رہ کر ہر صوبے سے پختونوں کے حقوق حاصل کرینگے‘ وہ اتوار کے روز ایوان اقبال میں پختون فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام سالانہ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے‘ اس موقع پر ایم پی اے وحید گل سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے‘ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ملک بھر میں موجود پختونوں کو متحد کر رہے ہیں، پختونوں کو ملک کے کسی کونے میں بھی تکلیف پہنچے گی‘ وہاں پہنچ کر داد رسی کرینگے‘ انہوں نے کہا کہ پختون قوم نے ہر میدان میں اپنا لوہا منوایا اور یہ ثابت کیا کہ ان میں ٹیلنٹ موجود ہے‘ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے نوبل انعام حاصل کرکے ملک کا نام بلند کیا جس پر ہمیں فخر ہے‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ توڑ پھوڑ سے حقوق نہیں ملتے، پختون لوگ خود کو ایسا بنا دیں کہ وہ ملک کی ضرورت بن جائیں‘ وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ پنجاب یونیوارسٹی کے طلبہ کا کیس ان کی نظر میں رہا جس میںبھی انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کو پکڑنا چاہئیے،انہوں نے کہا کہ2002میں سیاست شروع کی لیکن کبھی نہیں ہارا یہ پختونوں کی مجھ سے محبت کا نتیجہ ہے،جو پختونوں سے وعدہ کیا وہ پورا کیا،انہوںنے کہا کہ لوگ جھو ٹے وعدے کرتے ہیں لیکن نہ صرف کیا ہوا وعدہ پورا کرتا ہوں بلکہ میری زبان یا قلم سے اگر کسی کو فائدہ ہوتا ہے تو وہ کر دیتا ہوں،انہوں نے کہا کہ پختونوں کا تعارف دہشت گرد کے نام سے نہیں ہونا چاہئے بلکہ انہیں قومی دھارے میں لاکر ان کے مسائل حل کرنے چاہئیں‘ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پیار و محبت سے کسی کو اپنانا چاہئیے زبردستی سے نہیں،عمارت بنانے میں مدت لگتی ہے لیکن گرانے میں منٹ لگتے ہیں،ہمیں چاہئیے کہ ہم عمارت بنانے کا کام کریں گرانے کا نہ کریں۔