ائیر لیگ آف پی آئی اے ایمپلائز کی کو آرڈینیشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس

ایئر لیگ وزیراعظم کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کی منظوری دینے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، صدر شمیم اکمل ائیر لیگ پی آئی اے کی نجکاری یا ایسے کسی بھی اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی، اجلاس سے خطاب

اتوار 18 فروری 2018 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) ائیر لیگ آف پی آئی اے ایمپلائز کی کو آرڈینیشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ائیرلیگ کے مرکزی صدر شمیم اکمل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کوآرڈینیشن ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر لیگ کے صدر شمیم اکمل نے کہا کہ ائیر لیگ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے دئے گئے بیان اور پی آئی اے کی نجکاری کی منظوری دینے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

نجکاری شاہد خاقان عباسی کا ذاتی ایجنڈا ہو سکتا ہے مگر یہ میاں نواز شریف کی پالیسی نہیں۔ میاں نواز شریف نے ہمیشہ پی آئی اے کی بحالی کی بات کی ہے اور ائیر لیگ میاں نواز شریف کی پی آئی اے کی بحالی کی پالیسی کی حمایت کرتی ہے۔ مگر ساتھ ساتھ ہم یہ واضع کر دینا چاہتے ہیں کہ ائیر لیگ پی آئی اے کی نجکاری یا ایسے کسی بھی اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔

(جاری ہے)

ہم متعدد بار یہ بات دہرا چکے ہیں کہ پی آئی اے میں پوٹینشل موجود ہے اور درست سمت کا تعین ، مثبت فیصلوں اور ایک مربوط بزنس پلان کے ذریعے پی آئی اے نہ صرف اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے بلکہ اس کے خسارے کو بھی ختم کیا جا سکتا ہے۔ پی آئی اے کے نئے CEOمشرف رسول نے بھی پی آئی اے کی بحالی کی شرط پر ہی یہ منصب قبول کیاتھا۔ اب جبکہ اس ٹیم نے اپنا کام شروع کیا ہے اور پی آئی اے میں کچھ مثبت تبدیلیاں نظر آنا شروع ہوئی ہیں تو ایسے وقت میں نجکاری کی باتیں کسی فرد واحد کا کوئی ذاتی ایجنڈا تو ہو سکتی ہے لیکن اس سے پی آئی اے میں کوئی بہتری پیدا ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔

ائیر لیگ مطالبہ کرتی ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا اقدام فی الفور واپس لیا جائے ماضی میں بھی ایسا ایڈونچر کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے نتیجے میں پی آئی اے کے دو معصوم لوگوں کو اپنی جانوں سے یاتھ دھونا پڑے تھے۔ ایسے بیانات اور ایسے اقدامات پی آئی اے کا صنعتی امن تباہ کرنے کی مترادف ہیں اور پی آئی اے اب کسی ایسے ایڈونچر کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

متعلقہ عنوان :