ننھے منے بچوں کی ذہنی تربیت اور اخلاقی کردار کی صحیح رہنمائی کھیلوں کے مقابلوں سے ممکن ہے ، امین ہاشوانی

جنریشنز اسکول سائوتھ کیمپس کے جونیئر سیکشن میں کھیلوں کے دن کے سالانہ مقابلے کا انعقاد کیا گیا

اتوار 18 فروری 2018 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) جنریشنز اسکول سائوتھ کیمپس کے جونیئر سیکشن میں کھیلوں کے دن کے سالانہ مقابلے کا انعقاد کیا گیا ۔ اس خوبصورت اور رنگا رنگ تقریب میں والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جماعت سوئم اور چہارم کے واک پاسٹ اور جماعت پنجم اور جماعت ششم کے طلباء وطالبات نے جسمانی ورزش کا بہترین مظاہرہ پیش کیا۔

اس موقع پر ٹریک ایونٹس میں طلباء و طالبات کی کارکردگی پر شرکاء نے دل کھول کر دادد ی۔ ہاشوانی گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امین ہاشوانی نے بحیثیت مہمان خصوصی نے جنریشنز اسکول کی انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین اور پذیرائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ننھے منے بچوں کی ذہنی تربیت اور اخلاقی کردار کی صحیح رہنمائی اسی پلیٹ فارم سے ممکن تھی۔

(جاری ہے)

چھوٹے طلباء و طالبات معصوم ذہن کے مالک ہوتے ہیں اگر ابتداء ہی میں ان کی ذہنی نشو نما ، نظریاتی اور اسلامی بنیاد پراستوار کی جائے تو یقینا مستقبل میں ہم ان سے بہترین نتائج کی توقع رکھ سکتے ہیں ۔

نئے پاکستان کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے میں یہ سمجھتا ہوں کہ آج کے بچے کل کے معمار وطن ہیں ان کی صحیح معنوں میں تعلیم و تربیت ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ اس لئے جہاں اساتذہ کا کردار اہم ہے وہاں پر والدین کی صحیح رہنمائی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر جنریشنز اسکول ڈاکٹر غزالہ صدیقی نے کہا کہ ہم ہر سطح پر ایسے پروگرام تشکیل دیتے رہتے ہیں جن سے طلباء و طالبات میں نظم و ضبط ، اخلاقی تربیت اور حسن سلوک جیسے عناصر پروان چڑھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف مقابلہ جات کے انعقاد سے طلباء و طالبات میں صحت مندانہ رجحان پروان چڑھتا ہے اور ہر میدان عمل میں ایسے ہی طلباء سرفہرست نظر آتے ہیں جن میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے ۔ ہم نے انہیں اصولوں اور ضوابط کے تحت ہم نصابی سرگرمیوں کے لئے اپنی خدمات پیش کی ہے اور ہر سطح پر حوصلہ افزائی دی جا رہی ہے ۔ آخر میں مہمان خصوصی نے پوزیشن لینے والے اقبال ہائوس کے طلباء و طالبات میں ٹرافی پیش کی۔