حال ہی میں ایپی لیپسی (مِرگی) کی آگاہی کے لئے پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس کا انتظام نیشنل ایپی لیپسی سینٹر جناح ہسپتال کراچی نے کیا

ایپی لیپسی کا پیغام پاکستان کے ہر کونے تک پہنچائیں تا کہ عوام الناس میں اس قابلِ علاج مرض کے بارے میں منفی رحجانات کو مٹایا جا سکے، نادیہ جمیل

اتوار 18 فروری 2018 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) حال ہی میں ایپی لیپسی (مِرگی) کی آگاہی کے لئے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس کا انتظام نیشنل ایپی لیپسی سینٹر ، جناح ہسپتال ، کراچی نے کیا۔اس میں پاکستان کی نامور شخصیت نادیہ جمیل نے خطاب کیا جس میں انہوں نے خود کو ایپی لیپسی ہونے کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پابندی کے ساتھ دوائیں لیتی ہیں اور ہر قسم کے کام کرتی ہیںاور اپنی پروفیشنل اور گھریلو ذمہ داریاں پوری طرح نبھا رہی ہیں ۔

اس کے علاوہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔ایپی لیپسی سے منسلک مسائل جیسے روز مرہ کے کام، تعلیم ، ملازمت وغیرہ کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔انہوں نے شِدت سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایپی لیپسی کا پیغام پاکستان کے ہر کونے تک پہنچائیں تا کہ عوام الناس میں اس قابلِ علاج مرض کے بارے میں منفی رحجانات کو مٹایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر حسن عزیز اور ڈاکٹر زرین موگل نے خطاب کیا اور نیشنل ایپی لیپسی سینٹر کے دس سالہ خدمات کے بارے میں تفصیل بیان کی ۔

نیشنل ایپی لیپسی سینٹر، جناح ہسپتال ، کراچی ایپی لیپسی کے مریضوں کے لئے پاکستان میں واحد فلاحی ارادہ ہے جو 2007 سے عوام کی خدمت کر رہا ہے۔ یہاں پر اعلیٰ تعلیم یافتہ اسپیشلٹ ڈاکٹرز مریضوں کی انتہائی توجہ سے معائنہ اور تشخیص کے بعد علاج تجویز کرتے ہیں۔ اس مرض سے منسلک خصوصی ای۔ای۔جی۔ ٹیسٹ بھی یہاں کیا جاتا ہے۔ ہر مریض کی مکمل تشخیص کے بعد 30 دن کی دوا تقریباً مفت مہیا کی جاتی ہے۔اب تک 8800 مریض رجسٹر کئے جا چکے ہیں جن میں سے اکثر مستقل ماہانہ معائنے اور دوا کے لئے آتے ہیں۔ اس ادارے کی تمام کاوشیں کئی مہربان خواتین و حضرات کی مالی امداد سے ممکن رہی ہے اور ان کی دریا دِلی ہی کی وجہ سے یہ ادارہ قائم و دائم ہے۔