سہ ملکی سیریز ،ْانگلینڈ فتح کے باوجود فائنل کی دوڑ سے باہر

اتوار 18 فروری 2018 19:10

ہملٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں انگلینڈ نے کپتان آئن مورگن کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت چھٹے اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو دو رنز سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی تاہم وہ فائنل میں جگہ نہ بنا سکی۔ہملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری راؤنڈ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

انگلینڈ نے کپتان آئن مورگن کی شاندار بلے باز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔مورگن نے 46 گیندوں پر چھ چھکوں کی مدد ناقابل شکست 80 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ملان نے پانچ چھکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز تراشی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے تین جبکہ ٹم ساؤدھی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کولن منرو کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا سکی۔

اوپنر منرو نے 21 گیندوں پر سات چھکوں کی مدد سے 58 رنز جڑ کر عمدہ آغاز فراہم کیا جبکہ مارٹن گپٹل نے بھی 47 گیندوں پر 62 رنز بنائے تاہم 78 رنز کے شاندار آغاز کے باوجود یہ دونوں کھلاڑی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔مارک چیپمین 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کو میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔مورگن کو شاندار اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔