اداروں کے استحکام ، ، خیبر پختونخوا پولیس کوخراج تحسین پیش کرنے کے لیے پی ٹی آئی مردان کے زیراہتمام ریلی

اداروں کے استحکام اور ان کو ہر قسم سیاسی مداخلت سے آزاد کرنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ،ْپی ٹی آئی ارکان اسمبلی

اتوار 18 فروری 2018 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) کستان تحریک انصاف ضلع مردان کے ارکان اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اداروں کے استحکام اور ان کو ہر قسم سیاسی مداخلت سے آزاد کرنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور کسی کو اداروں کے توہین کی اجازت نہیں دی جائے گی، خیبر پختونخوا پولیس ملک کی مثالی پولیس ہے جس نے نہ صرف صوبے سے دہشت گردی کا قلع قمع کرنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ دیگر جرائم میں بھی د یگر صوبوں کے مقابلے کافی زیادہ کمی آئی ہے ، معصوم اسماء کے قتل کیس میں بھی پولیس نے ثابت کیا کہ اگر اس کو آزادی سے کام کرنے دیا جائے تو ایک پرامن معاشرے کا قیام خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے ۔

یہ بات قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان ، ارکان صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی ، زاہد درانی، طفیل انجم ،تحصیل ناظم ایوب خان ،صوبائی اسمبلی کے سابق اُمیدواروں سید عمر فاروق کاکاخیل ، انجینئرعادل نواز ، خطاب باچا ، ضلع کونسل کے ارکان شیر بہادر مہمند، اسفندیار خان ، امانت مسیح،شاہد باچا ، شاہ فیصل ، امیر فرزند خان، اکبر شاہ ،رشید خان،اسفندیار نے کالج چوک مردان میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام ایک بڑے پرامن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ریلی میں مردان کی چاروں تحصیلوں سے پارٹی کارکن جلوسوں کی شکل میں شرکت کے لیے آئے ۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر اداروں کے استحکام ، غنڈہ گردی کی مذمت ، خیبر پختونخوا پولیس کو سلام اور دیگر نعرے درج تھے ۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے مردان میں بعض عناصرحواس باختہ ہوچکے ہیں اور بوکلاہٹ میں کبھی پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور کبھی ڈاکٹروں پر چڑھ دوڑتے ہیں جو قابل مذمت ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ اسما ء کیس میں پولیس کی کارکردگی سب کے سامنے ہے گاؤں کا جرگہ اور مقتولہ کے والدین سب نے مردان پولیس کی محنت اور انتھک جدوجہد کی تحسین کی ہے تاہم بعض لوگوں نے اس ایشو کو بھی اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی ۔مقررین نے کہا کہ ضلعی حکومت اور ضلع ناظم کی جانب سے سرکاری افسران کے ساتھ منفی رویہ اختیار کرنا اور بعد ازاں جرگوں کے ذریعے راضی نامے کرنے کا کوئی جواز نہیں ۔

انکو اداروں میں بیجا مداخلت سے باز رہنا چاہیئے۔اُنہوں نے کہا کہ اگر یہ عناصر اپنی اس روش سے باز نہ آئے تو آئندہ ان سے بھی بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا ۔مقررین نے کہا کہ آج کے پرامن احتجاج نے ثابت کیا کہ پی ٹی آئی منظم اور متحد ہے اور ظلم کے خلاف آواز اُٹھانے میں سب ایک ہیں اور آئندہ انتخابات میں ہم مخالفین کی ضمانتیں ضبط کر دیں گے۔

متعلقہ عنوان :