عدالت نے شہری پر تشدد کیس میں غلط میڈیکل دینے پر سینئر میڈیکل آفیسر کو طلب کرلیا

اتوار 18 فروری 2018 19:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء)جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے شہری پر تشدد کیس میں مبینہ غلط میڈیکل رپورٹ دینے پر سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر عزیز کو 22 فروری کو طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

تھانہ سٹی پولیس کی جانب سے زیر دفعات 324/387/452ppcکے تحت گرفتار ملزم اویس عباسی ولد گل زمان عباسی سکنہ ہلی نے انسانی حقوق کے ممتاز قانون دان جواد حبیب ایڈوکیٹ کے ذریعے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دی گئی درخواست میں ڈاکٹر کے خلاف قانونی کاروائی کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیاہے کہ اسے 7 نومبر کو تھانہ سٹی کی پولیس نے گرفتار کیا اور چار دن غیر قانونی حراست میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایاگیا جس کی 11نومبر کو ڈاکٹر سجاول کی میڈیکل رپورٹ اور بعد ازاں دو جنوری 2018کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں بھی تصدیق کی گئی لیکن 14 نومبرکو سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر عزیز چغتائی کی رپورٹ میں اسے ذہنی و جسمانی طورپر فٹ قرار دے کر بنیاد ی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ معزز عدالت کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے لہذا استدعا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ آفتاب اقبال کی عدالت نے 22 فروری کی تاریخ سماعت مقرر کرتے ہوئے وضاحت کے لیے ڈاکٹر طاہر عزیز کو عدالت طلب کرلیا ہی- اویس عباسی نے غیر قانونی حراست اور تشدد کرنے پر ڈی ایس پی کیڈٹ صابر حسین اور ایس ایچ او تھانہ سٹی سعید یدون کے خلاف 22Aکی درخواست بھی دے رکھی ہے ۔