محکمہ پولیس میں مارچ سے حقدار اہلکاروں کو ترقیاں دی جائیں گی ،آئی جی گلگت بلتستان

اتوار 18 فروری 2018 19:00

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان صابر احمدنے کہاہے کہ کے کے ایچ پر موجود پلوں اور اہم عمارات کی حفاظت یقینی بنائی جائے تاکہ سی پیک اور دیگرسرگرمیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے، انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ سنیپ چیکنگ ،ناکہ بندی اور فزیکل چیکنگ کی سرگرمیوں کو جاری و ساری رکھیںجبکہ گلگت بلتستان کی حدود میں بغیر شناختی کارڈ کس کو داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے،خطے کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نظر رکھی جائے،مشکوک اور متنازعہ سرگرمیوں کے حامل افراد کے نام شیڈول فور میں ڈال دیے جائیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے سنٹرل پولیس آفس گلگت میں سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صابر احمد نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 2018 کو اینٹی نارکوٹکس کا سال قرار دیے جانے سے اب تک پولیس کی کارکردگی اچھی رہی ہے، بین الصوبائی اور بین الاضلاعی منشیات فروشوں کے گرد مزید گھیرا تنگ کردیاگیاہے، محکمہ پولیس میں اگلے مہینے (مارچ) سے حقدار اہلکاروں کو ترقیاں دی جائیں گی تاہم یہ ترقی ان اہلکاروں کیلئے ہوگی جو اہلیت رکھتے ہوں،سنیارٹی لسٹوں کو مرتب کرتے وقت اور ترقیابی کے عمل کو مکمل شفاف بنایاجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام کے بعد فورس کی استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگاہماری کوشش ہے کہ جی بی پولیس کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں ۔سکیورٹی کانفرنس کے دوران گلگت، دیامر، استور، ہنزہ، نگر اور غذر کے تمام ایس ایچ اوز سے سکیورٹی و دیگر ایشوز کے حوالے سے صابر احمد نے براہ راست بریفنگ لی اور موقع پر انہیں ہدایات بھی دیں۔صابراحمدنے کہا کہ ڈی ایس پی لیگل کی سربراہی میں عملہ گلگت بلتستان کے تمام تھانوں کا ریکارڈ چیک کر کے رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ جی بی کے تمام تھانوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر پی سی ون تیار کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :