حکومت کی طرف سے میٹرک امتحانات کے مقررہ وقت میں تاخیر انتہائی نقصان دہ ہے،سلیم خان

اتوار 18 فروری 2018 19:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN) کے صوبائی صدر سلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے میٹرک امتحانات کے مقررہ وقت میں تاخیر انتہائی نقصان دہ ہے اس سے نہ صرف ایف اے ، ایف ایس سی امتحانات میں تاخیر ہوجائے گی بلکہ مختلف کیڈرز کے انٹری ٹیسٹ بھی تاخیر کے شکار ہوجائیں گے، تعلیمی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر ڈرائنگ روم میں بنائی گئی تعلیمی پالیسیوں سے معیار تعلیم کو تباہ کیاجارہا ہے جس سے ذہین طلباء وطالبات سکالرشپ سے محروم ہوجائیں گے ان خیالات کااظہارانہوں نے نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان کے ہمراہ تنظیمی امور پر منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تعلیمی اداروں کو بیرونی ڈونرز کے حوالے کیاجارہا ہے جس سے ہمارا نظام تعلیم مفلوج نہیں بلکہ تباہ ہوجائے گا کیونکہ ڈونرز کے ہاتھوں 4 ارب روپے خرچ کرنے کی خاطر جماعت پنجم کے بچوں کو اسسمنٹ امتحان کے ذریعے نفسیاتی مریض بنائے جانے کی کوشش کی جارہی ہے حکومت یہ وضاحت کرے کہ پانچویں جماعت کے اسسمنٹ امتحانات پر کتنا خرچہ آیا ہے اور اس اسسمنٹ امتحانات کے نتائج کیا نکلی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میٹرک امتحانات میں تاخیرسے نتائج بھی التواء کاشکارہونگے جس کے باعث طلبہ بالخصوص پوزیشن ہولڈرز کو خیبرپختونخوا اورملک کے دیگر اعلیٰ درسگاہوں میں ایف اے ،ایف ایس سی میں داخلہ کیلئے وقت پر فارم جمع کرانے میں مشکلات کاسامناکرناپڑیگاکیونکہ نتائج میں تاخیر سے طلبہ کالجزمیں مقررہ وقت تک داخلہ فارم جمع کرانے سے رہ جائینگے ایسے حربے صوبے کوتعلیمی لحاظ سے پیچھے دھکیلنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ بچے چاہے سرکاری سکولوں کے ہوں یا نجی تعلیمی اداروں کے وہ اسی معاشرے کے بچے ہیں اور قوم کا مستقبل بھی انہی سے وابستہ ہے اس لئے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی مفادات کوملحوظ خاطررکھ کرشعبہ تعلیم میںموثراقدامات اٹھائے۔

متعلقہ عنوان :