اسسٹنٹ کمشنر ہنگو کی متعلقہ حکام کوفرید شہید ہسپتال کوجلد ازجلد فعال کرنے کی ہدایت

اتوار 18 فروری 2018 19:00

ہنگو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) اسسٹنٹ کمشنر ہنگو یوسف کریم نے ڈپٹی کمشنر ہنگو شاہد محمود کی ہدایت پر تقریباً65کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ فرید شہیدڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہنگوکی نئی عمارت کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف حصے دیکھے، انہوں نے ہسپتال میں لگائی نئی مشینری کا بھی معائنہ کیا۔وہ وارڈز کے علاوہ ہاسٹلز، ڈاکٹرز ریزیڈنسز، کوارٹرزاورمسجدبھی گئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر افتخار، ہسپتال کے ایم ایس اور ڈی ایچ او ہنگو اوردیگرافرادبھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے متعلقہ حکام کومذکورہ ہسپتال کووزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے اسی ماہ متوقع دورے سے قبل ہر لحاظ سے مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے افتتاح کے بعد اسے باقاعدہ طور پر فنکشنل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں 2 ڈبل سٹوری ہاسٹلز، 7ڈاکٹر ریذیڈنسز،22کوارٹرز، مسجد اور 5ہزار گیلن واٹر ٹینک تعمیر کیا گیا ہے اور ہسپتال میں مریضوں کو ایک چھت تلے تمام طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنادی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے امید ظاہر کی کہ اس ہسپتال سے یہاں کے مریضوں کو مقامی طور پر بہتر طبی سہولیات مہیا ہوں گی اور اب انہیں اپنے علاج معالجہ کے لئے کوہاٹ یا پشاور جانانہیں پڑے گا۔دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر ہنگو نے فیڈرل لیوی فورس ہنگو کے حال ہی میں بھرتی ہونے والے 30جوانوں کو ایمرجنسی ریسپانس، کرائسز مینجمنٹ اور کوئیک ریسپانس فورس کی تربیت دینے کے لئے فرنٹئیر کنسٹیبلری کے حکام کے حوالے کیا۔

متعلقہ عنوان :