آرٹس کونسل آف پاکستان میں دسویں کراچی یوتھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب

اتوار 18 فروری 2018 19:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں دسویں کراچی یوتھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب اوپن ایئر تھیٹر میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ اور صوبائی وزیر کلچر سید سردار شاہ تھے۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل سندھ کے بچوں کے لئے بہترین کام انجام دے رہا ہے، سندھ حکومت محمد احمد شاہ اور آرٹس کونسل کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کررہی ہے، آج اس یوتھ فیسٹیول میں ہزاروں بچوں کو دیکھ کر دلی خوشی ہورہی ہے، آرٹس کونسل کراچی کی رونقیں بحال کررہا ہے ہم اس سفر میں آرٹس کونسل کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں آرٹس کونسل میں سندھ کی سطح پر یوتھ فیسٹیول منعقد کئے جائیں گے جس میں کراچی کے ساتھ ساتھ سندھ بھر سے طلبہ و طالبات کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر کلچر سید سردار شاہ نے کہاکہ اس طرح کے پروگرام منعقد ہونے سے ایک جانب شہر کی رونقیں بڑھتی ہیں دوسری جانب پاکستان سے باہر کلچر اور ثقافت کو پرموٹ کرنے میں مدد ملتی ہے، سندھ حکومت اور محکمہ ثقافت آرٹس کونسل کے ساتھ ہر پلیٹ فارم پر تعاون کررہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے کہاکہ میرے اور میری ٹیم کے لئے یہ خوشی کا مقام ہے کہ آرٹس کونسل کراچی میں پہلے ہم نے دسویں عالمی اُردو کانفرنس کا انعقاد کیا، تھیٹر فیسٹیول، میوزک فیسٹیول، ڈانس فیسٹیول منعقد کئے اور آج دسواں کراچی یوتھ فیسٹیول منعقد کررہے ہیں، اس فیسٹیول میں 50 ہزار طلبہ و طالبات مختلف کییٹگریز میں حصہ لے رہے ہیں، ہمارے کوشش ہے کہ کراچی میں رہنے والے ہر بچے کو آرٹس کونسل کراچی میں آنے کا موقع فراہم کیا جائے، اگر وہ نہیں آسکتا تو آرٹس کونسل کی ٹیم اس سے رابطہ کرے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکے۔

افتتاحی تقریب میں آرٹس کونسل کے سیکریٹری پروفیسر اعجاز فاروقی اور گورننگ باڈی کے اراکین کے علاوہ بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔ آخر میں آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے مہمانانِ خصوصی ناصر حسین شاہ، سید سردار شاہ اور دیگر مہمانوں کو شیلڈ اور گلدستہ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :