ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی کی خوشی میں پی ایس98 کی جانب سے ریلی نکالی گئی

لودھراں کے عوام نے ثابت کردیاکہ نوازشریف ہی ان کے دلوں میں بستے ہیں،علی اکبرگجر،سیدمنوررضا

اتوار 18 فروری 2018 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این ای154لودھراںکے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی کی خوشی میںضلع وسطی میں پی ایس98 کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر،کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا ، ضلع وسطی کے جنرل سیکرٹری اسلم خٹک،وقارحسین گورچانی،سعیداخترکھوکھر،صابرحسین،سیدریحان علی، یاسر راجپوت ، عبدالغفور ، رانا عبد الغفار،محمدعلی شیرانی،راناشاکر،ملک احسن ودیگرنے کی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں جھنڈے اور بینراٹھائے شاہنوازبھٹوکالونی سے پاورہائوس چورنگی ہوتے ہوئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں گشت کرتے رہے،اس دوران انہوں نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور ن لیگ کے حق میں نعرے لگائے،جبکہ قائدین ریلی اور کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی ۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجرنے کہاکہ لودھراں کے عوام نے ثابت کردیاکہ نوازشریف ہی ان کے دلوں میں بستاہے،ن لیگ کی پے درپے کامیابیوں نے مخالفین کے ہوش خطاکردیئے ہیں،فیصلہ عوام کی عدالت میں ہوچکاہے،اب ملک کے کونے کونے میں نوازشریف کا پیغام پھیل چکاہے،مخالفین خاطرجمع رکھیں نوازشریف کو عوام کے دلوں سے نکالنامشکل ہی نہیں ناممکن ہے ، کراچی کو نوازشریف کا قلعہ بنائیں گے۔

کراچی ڈویژن کے صدر سیدمنوررضانے اپنے خطاب میں کہاکہ کراچی سمیت ملک بھرمیں ہونے والے ترقیاتی کام ن لیگ کی کارکردگی ہے،نوازشریف کی خدمات کا سلسلہ کراچی سے گوادراور خیبر سے گلگت بلتستان تک پہنچ چکاہے۔ریلی کے آرگنائزراورPS-98کے صدر وقارحسین گورچانی نے کہاکہ جگہ جگہ نوازشریف کی کامیابی قوم کی دعائوں کا نتیجہ ہے،آج ضلع وسطی باالخصوص پی ایس 98کے عوام نے عظیم الشان ریلی نکال کر نوازشریف سے والہانہ محبت کا ثبوت دے دیاہے۔