مقبوضہ کشمیر ،ْسید علی گیلانی کی نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتار یوں کی شدید مذمت

بھارتی فوج اور پولیس نے معصوم کشمیری نوجوانوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے ،ْحریت چیئر مین

اتوار 18 فروری 2018 18:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فوج، پولیس اورسینٹرل ریزرو پولیس فورس کی طرف سے وادی کشمیر میں بالعموم اورضلع پلوامہ کے علاقوں ترال اور کریم آباد ، ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن اورضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں باالخصوص نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتار یوں کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبردارکیا کہ اگر فوری طور ان کارروائیوں کو نہ روکا گیا تو اس کے سنگین نتائج پرآمد ہوں گے جن کی تمام تر ذمہ داریاں پی ڈی پی اوربھارتی پولیس پر عائد ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لوگ اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار جمہوری طریقے سے کرتے ہیںلیکن جموںو کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں لوگوں کو مظالم، بربریت اور ناجائز قبضے کے خلاف آواز اٹھانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدارملک بھارت کشمیر میں اپنے ہی ہاتھوں جمہوریت کا جنازہ نکال رہا ہے۔ انہوں نے پی ڈی پی کے کردار کو گھناؤنا اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے گولی نہیں بولی، قیدیوں کی رہائی اور آر ایس ایس کو روکنے کے پُرفریب نعروں کے نام پرووٹ لے کر اقتدار حاصل کیا لیکن اقتدار میں آنے کے بعدیہ نہتے عوام پر ریکارڈ توڑ مظالم ڈھارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جماعت نے آزادی پسندوں کی آواز کو معطل کررکھا ہے اور کسی کو اپنی بات سیاسی سطح پر کہنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ حریت چیئرمین نے کریم آباد پلوامہ میں شبانہ کریک ڈاؤن کے دوران 5نوجوانوںبابر احمد، ظہور احمد، رافع عبداللہ، زبیر الاسلام اور معراج الدین کو گرفتار کرنے، لوگوں کی بلالحاظ عمر وجنس تشدد کا نشانہ بنانے اورمکانوں اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر تشدد ڈھانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج اور پولیس نے معصوم نوجوانوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور انہیںانتقامی پالیسی کے تحت ایک منصوبہ بند طریقے سے فرضی الزامات لگاکرپریشان اورہراساں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے تحریک حریت کے رہنماؤں محمد اشرف صحرائی اور محمد اشرف لایا کو مسلسل گھروںمیں اور شاہ ولی محمد کو سوپور تھانے میں نظربند رکھنے کی مذمت کی ۔ سید علی گیلانی نے بشیر احمد قریشی کو گزشتہ ایک ماہ سے جیل میں اور تحریک حریت کے کارکن غلام محمد شاہ کو بڈگام تھانے میں نظربند رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے لاقانونیت اور غنڈہ گردی قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظور احمد نجار ، بشارت احمد میر اور عاشق حسین بٹ گزشتہ 5سال سے نظربندہیں اور انہیںرہا نہیں کیا جارہا ۔ انہوںنے کہاکہ یہ اس وقت بڈگام تھانے میں نظر بند ہیں اور پولیس اب بھی ان کی رہائی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔