Live Updates

لودھراں تحریک انصاف کیلئے مایوسی،پیپلزپارٹی کیلئے شرمندگی کا باعث بنا،شاہدہ قدیر

لودھراں میں مسلم لیگ(ن) کی جیت پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کیلئے واضح پیغام ہے،مسلم لیگی رہنما

اتوار 18 فروری 2018 18:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کی سینیئر رہنماشاہدہ قدیرنے کہاہے کہ لودھراں میں ہونے والا ضمنی انتخاب پاکستان مسلم لیگ(ن) کیلئے مسرت،تحریک انصاف کیلئے مایوسی مگر پیپلزپارٹی کیلئے شرمندگی کا باعث بنا ہے،پیپلزپارٹی جو پنجاب میں ایک جلسہ کرنے کے بعد ایک بارپھر توقع کررہی تھی کہ جنوبی پنجاب میں پیپلزپارٹی کی بحالی کا آغاز ہوگیا ہے ان کی توقع کے پورا ہونے کا ذرا سا شائیہ بھی لودھراں کے الیکشن میں نظر نہیں آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کی عوامی خدمت کی سیاست کے سامنے جھوٹ بولنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں،جھوٹ انتشار اور منافقت کی سیاست کرنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں،آئندہ انتخابات میں دھرناگروپ کو پیشمانی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا اور پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہو کر ترقی کے اس سفر مزیدآگے بڑھائے گی۔مسلم لیگی رہنما شاہدہ قدیر نے کہاکہ لودھراں میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جیت پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کیلئے واضح پیغام ہے،لودھراں کی عوام نے مسلم لیگ(ن)کے حق میں فیصلہ دیاہے سب کو فیصلے کااحترام کرنا چاہیے،جن جماعتوں نے حصہ لیا ان کو اپنی اپنی خامیوں کو دیکھناہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات