آرام باغ فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات ، عتیق میر کے حمایت یافتہ پینل کی مسلسل 15 ویں کامیابی

اتوار 18 فروری 2018 18:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) آرام باغ فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے 2018-19ء میں عتیق میر کے حمایت یافتہ پینل کی مسلسل 15 ویں کامیابی۔ ایسوسی ایشن کے مقرر کردہ الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق محمد شاہد جاوید شمسی صدر، طیب علی نائب صدر، سید شرافت علی جنرل سیکریٹری، محمد امین ٹی جوائنٹ سیکریٹری، ریاست خان لودھی ڈپٹی سیکریٹری، افضل ملک فنانس سیکریٹری جبکہ ایگزیکٹیو باڈی کے ممبران میں انجم موسانی، محمد سعید آگریا، فرید احمد، فرحان سعید، ندیم احمد، ملک محمد ریحان، حسن اسماعیل اور سید غالب حسن کامیاب قرار پائے۔

اس موقع پر آرام باغ فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ اور آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے نئی باڈی کے عہدیداران و ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صرف منتخب ہونا کامیابی نہیں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کامیاب امیدواروں کو جیت کا جشن منانے اور پھولوں کے ہار پہننے سے روک دیا اور ناکامیاب امیدواروں کو ہار پہنا کر گلے لگالیا جس سے مارکیٹ میں بھائی چارے کی ایک عمدہ روایت قائم ہوئی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب باڈی کے ارکان مارکیٹ اور تاجروں کی خدمات کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1989ء میں آرام باغ فرنیچر مارکیٹ کی پہلی ایسوسی ایشن کے قیام کے بعد انتخابات میں مسلسل پندرہویں کامیابی تاجروں کے بھرپور اعتماد کا نتیجہ ہے، تاجروں کی خدمات کے 30 سال مکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گذار ہوں۔