غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کرنے کے احکامات جاری

غیر قانونی اور خلاف ضابطہ تعمیرات کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مسائل ناقابل برداشت ہیں ،ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے

اتوار 18 فروری 2018 17:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ندیم اسلم چوہدری نے آر ڈی اے حکام کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایت کر دی ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ شہر و مضافات میں غیر قانونی اور خلاف ضابطہ تعمیرات کی وجہ سے مسائل میں روزافزوں اضافے کے پیش نظر ڈی جی آ ر ڈی اے نے گذشتہ روز شعبہ بلڈنگ کنٹرول کو ہدایت کی کہ بغیر نقشہ ،این او سی کسی بھی عمارت کی تعمیر نہ ہونے دی جائے اور ایسی غیر قانونی تعمیرات فوری روکی جائیں ۔

ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ندیم اسلم چوہدری نے حکام کو یہ ہدایت بھی کی کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ضلعی پولیس کی نفری کے ہمراہ چھاپے مارے جائیں اور ایسی تعمیرات کے خلاف موقع پر کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ندیم اسلم چوہدری نے اے پی پی سے گفتگو میں بتایاکہ غیر قانونی تعمیرات سے شہری منصوبہ بندی بری طرح متاثر ہوتی ہے اور پورے انفراسٹرکچر کو خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ ان غیر قانونی اور خلاف ضابطہ تعمیرات کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک سمیت دیگر مسائل درپیش ہیں جو ناقابل برداشت ہیں ۔واضح رہے کہ راولپنڈی ڈویلیپمنٹ اتھارٹی ( آرڈی اے ) کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے گذشتہ ہفتے اڈیالہ روڈ پر مریم گرین سٹی میں غیر قا نونی زیر تعمیرتین بلڈنگز کو مسمار کر دیا جبکہ بکنگ آفس کو سر بمہر((sealکر دیا۔شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے دوسری کارروائی میں فضل ٹاون ائرپورٹ روڈ راولپنڈی میں ایک غیر قا نونی زیر تعمیر بلڈنگ کو سر بمہر کر دیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ آر ڈی اے کا شعبہ بلڈنگ کنٹرول اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تو غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ رک سکتا ہے۔