عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل پاکستان کی متبادل سیاسی قوت بن کر ابھرے گی، لیاقت بلوچ

متحدہ اپنی موت آپ مر رہی ،مفادات وتعصبات اورطاقت کی بنیاد پر بننے والی قوت آج بکھر رہی ہے،مرکزی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی چور اور لٹیری سیاسی قیادت منتخب کرنے کے بعد رونے سے بہتر ہے دیانتداری کو منتخب کیاجائے، سید عبد الرشید کا لیاری میں اجتماع ارکان سے خطاب

اتوار 18 فروری 2018 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی پلیٹ فارم سے الیکشن دوہزار اٹھارہ میں بھرپور حصہ لینگے ،عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل پاکستان کی متبادل سیاسی قوت بن کر ابھرے گی ،پانامہ لیکس سمیت کسی کرپشن اسکینڈل میں کسی مولوی یا دینی شخصیت کانام نہیں ، پاکستان میں کرپشن کے خاتمے اور چوروں کے احتساب کیلئے جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے،ملک میں جمہوریت نہ ہی نظام کو کو ئی خطرہ ہے۔

وہ پٹھان مسجد موسیٰ لین لیاری میں جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے اجتماع ارکان سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید بھی موجود تھے ۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ قومی پالیسیوں پر جماعت اسلامی نے اپنا واضح موقف پیش کیا،گوامریکا گو مہم چلائی اب قومی قیادت تسلیم کررہی امریکا پاکستان کا دوست نہیں دشمن ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے خاتمے اور چوروں کے احتساب کیلئے جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے،ملک میں نہ جمہوریت کو خطرہ ہے اور نہ ہی نظام کو،ملک میں اب صرف چوروں اور لٹیروں کو خطرہ ہے جو شور مچا رہے ہیں،عدلیہ کے ریمارکس نہیں انکے فیصلوں کو بولنا چاہیے، مال دولت پیسوں کی ریل پیل سے انتخابات یرغمال بنائے جاتی ہیں ،بے دریغ انتخابی اخراجات کے ذریعے الیکشن چرایا جاتا ہے،لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے مسلم لیگ کو کسی ذات یا خاندان کو نشانہ بنانے کیلئے چیلنج نہیں کیا ،جماعت اسلامی کاموقف ہے بلا تفریق احتساب سب کا کیاجائے ،مسلم لیگ ن اپنے کرتوتوں سے اختتام کی طرف جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم خود اپنی موت آپ مر رہی ہے ،مفادات وتعصبات،طاقت اور دھونس کی بنیاد پر بننے والی قوت آج بکھر رہی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد مرحوم کی کاوشوں سے مسلک اور فرقوں کو جماعت اسلامی نے ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا،جماعت اسلامی اتحاد بین المسلمین کے لیے ملی یکجہتی کونسل اور دفاع پاکستان کونسل کاحصہ ہے لیکن یہ انتخابی اتحاد نہیں،لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایک ملک گیرسروے کے مطابق ملک کی غالب اکثریت اسلامی نظام کا نفاذ چاہتی ہے،جماعت اسلامی نے طے کیا کہ سروے میں عوامی رائے کو نظر انداز نہیں کرنا ہے، اسلامی نظام کے نفاذ کی سوچ رکھنے والے منتشر ہیں ہمارا ہدف انہیں متحد کرنا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے لیاری سے ڈیفنس تک دیانتدار امانتدار اور باصلاحیت قیادت عام انتخابات میں پیش کرینگے ،جماعت اسلامی اور دینی سوچ رکھنے والی قوتوں کااتحاد خوش آئندہ ہے،جماعت اسلامی کے کارکنان نے اپنے شب وروز عوام کی خدمت کیلئے وقف کررکھا ہے ،چور اور لٹیری سیاسی قیادت منتخب کرنے کے بعد رونے سے بہتر ہے دیانتداری کو منتخب کیاجائے ،جماعت اسلامی نے لیاری کے عبدالستار افغانی کو مئیر کراچی اور رکن قومی اسمبلی بنایا ،عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کی بے داغ قیادت ہی جماعت اسلامی کا بیانیہ ہے،ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان عوام کے درمیان موجود ہیں ، کے الیکٹرک اور نادرا نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے ، بلدیاتی ادارے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ، ایسے میں جماعت اسلامی میدان میں موجود ہے ، عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور انہیں ریلیف فراہم کر رہی ہے ۔