شرجیل میمن کا فوری آپریشن نہ کیا گیا تو مستقل معذوری کا شکار ہوسکتے ہیں،وزیر اطلاعات سندھ

ناصر حسین شاہ کی چیف جسٹس سے شرجیل میمن کواسپتال سے جیل منتقل کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل

اتوار 18 فروری 2018 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں معزز اور قابل احترام چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ شرجیل میمن کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اسپتال منتقل کیا جائے ،، ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شرجیل میمن کے لئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل نیب عدالت کے حکم پر کی گئی، میڈیکل بورڈ نے شرجیل میمن کے مکمل معائنے کے بعد انہیں فوری طور پرآپریشن کرانے کا مشورہ دیا ہے بورڈ نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر شرجیل میمن کو آپریشن کے مرحلے سے نہ گذارا گیا تو وہ مکمل معذوری کی طرف جاسکتے ہیں ، میڈیکل بورڈ نے جناح پوسٹ گریجویٹ اسپتال اور ساوتھ سٹی اسپتال کو سفارش بھی کی ہے کہ شرجیل میمن کے آپریشن کے لئے فوری طور پر انتظامات کئے جائیں،، ناصر حسین شاہ نے معزز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت عدالت عظمی شرجیل میمن کو جیل منتقل کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے تاکہ شرجیل میمن کو مستقل معذوری سے بچایا جا سکے ۔