کشمیری طلباء کا بھارتی شہرچندیگڑھ میں حملوں سے بچنے کے لیے یونین بنانے کا فیصلہ

اتوار 18 فروری 2018 15:50

چند ی گڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) بھارت کے مختلف علاقوں میں کشمیریوں پر مسلسل حملوں کے پیش نظر بھارتی شہر چند ی گڑھ میں کشمیری طلباء نے متحد ہوکر اپنی ایک یونین بنانے کا فیصلہ کیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیر سٹوڈنٹس یونین کے بانی طلباء کا کہنا ہے کہ یونین بنانے کابنیادی مقصد چندی گڑھ کے مختلف کالجوں میںزیر تعلیم کشمیری طلباء کی بہبودی کے لیے کام کرنااور ان کے مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر سٹوڈنٹس یونین کے بانی ارکان میں سے ایک سید فرمان صفوی نے جو دوآبہ انسٹی ٹیوٹ میں بی ٹیک کے طالب علم ہیں نے کہا کہ ہم بھارت کے مختلف علاقوں بالخصوص راجستھان،بنگلور اورحال ہی میں ہریانہ میں حملوں کے بعدکشمیری طلباء کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین بنانے کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کشمیری طلباء چندی گڑھ میں خود کو محفوظ محسوس کرسکیں اور اپنے اپنے کالجوں میں انہیں مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یونین کے ایک اور بانی رکن عادل بٹ نے کہا کہ حالیہ مہینوں میںبھارت کے مختلف علاقوں میں کشمیری طلباء پرحملوں سے چندی گڑھ میں زیر تعلیم کشمیری طلباء میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا اسی لئے یونین بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :