کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔‘طاہر فاروقی

کشمیر ی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ساری ریاست کا آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق نہیں ہو جاتا

اتوار 18 فروری 2018 13:10

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) ڈسٹرکٹ پروگرام آرگنائزر ہمراہ وزیراعظم وصدر مسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ ضلع ہٹیاں بالا طاہر فاروق رائیسانی نے چناری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ساری ریاست کا آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق نہیں ہو جاتاکشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھاہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کے ہر لمحے میں کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا زلزلہ ہو یا سیلاب، بھارتی جارحیت ہو یا کوئی اور آفت سماوی حکومت پاکستان،افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ جس محبت اخوت، ہمدردی اور تعاون کا مظاہرہ کرتے ہیں اس سے یہ ثابت ہو تا ہے کہ 1947ء کو الحاق پاکستان کا فیصلہ ایک احسن قدم تھا اس وقت بھارت کی سات لاکھ سے زیادہ فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پر آزمایا نہ گیا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے نصب العین کونہیں چھوڑا۔ وہ کسی بھی صورت میں اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہونگے۔08 جولائی 2016 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی نے نئی کروٹ لی ہے۔ برہان مظفر وانی شہید کے مشن کو لے کر نوجوان نسل سر بکف ہو گئی ہے۔ اس تحریک میں مقبوضہ کشمیر کے عوام نے 06 ماہ کے طویل کرفیو کا سامنا کیا۔ پندرہ سو کے لگ بھگ نوجوان شہید، 20 ہزار زخمی اور ایک ہزار تک نوجوان کلی یا جزوی طور پر بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔

لیکن ان کے عزم و حوصلے کمزور نہیں ہوئے۔ کشمیری عوام کے دل و دماغ سے موت کا خوف ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھارت پر واضح کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حق،حق خودارادیت میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرے۔انہوں نے کہ کشمیری عوام گزشتہ 70برس سے جاری آزادی کی تحریک اور حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دیتے چلے آ رہے ہیں۔

کشمیری قوم اسلام کی سربلندی، پاکستان کی سلامتی، استحکام اور تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جد و جہدجاری رکھے گی۔پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔مسئلہ کشمیر پر کشمیر ی عوام کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے ۔

متعلقہ عنوان :