کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کا کشمیری صحافی کامران یوسف کو رہا کرنے کا مطالبہ

اتوار 18 فروری 2018 12:50

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) نیویارک میں قائم صحافیوں کی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے بھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے سے مطالبہ کیاہے کہ وہ کشمیری صحافی کامران یوسف کے خلاف درج مقدمہ واپس لے کر انہیں فوراًرہاکرے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی جے پی کے ایشیا پروگرام کے کوآرڈی نیٹر سٹیو بٹلر نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کو یہ طے کرنے کا حق نہیں کہ ایک صحافی کو کونسی خبر چلانی چا ہئے اور کون سی نہیں۔

انہوںنے کہاکہ کامران یوسف کا کام جموں وکشمیر میں تصادم کے مقامات پر فوٹو کھینچنا تھا اور یہ ایک صحافی کی ذمہ داری اور عوامی خدمت ہے اس لئے کامران کو فوراًرہا کیا جائے۔ کامران یوسف کو این آئی اے نے گزشتہ سال7ستمبرکو پتھرائو کرنے کے الزام میں گرفتار کیاتھا۔

(جاری ہے)

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جر نلسٹ ایک عالمی تنظیم ہے جو پریس کی آزادی کے لیے کام کررہی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ این آئی اے نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ کامران یوسف ایک حقیقی صحافی نہیں ہے کیونکہ اس نے حکومت کی ترقیاتی سرگرمیوں اور سیاسی جماعتوں کے بیانات کوشائع نہیں کروایا تھا جو صحافی کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے کہ کامران یوسف ایک فری لانس صحافی ہیں جو 5ستمبر 2017ء سے نظربند ہیں اور ان پر غداری ، سازش اور بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔