مقبوضہ کشمیر : یاسین ملک کا ڈاکٹر فاروق عشائی کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت

شہداء کے مشن کو حصول مقصد تک ہرقیمت پر اور ہر صورت میں جاری رکھا جائے گا

اتوار 18 فروری 2018 12:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے شہید ڈاکٹر فاروق عشائی کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیری قوم کے ایک مایہ ناز سپوت تھے جنہوں نے جموںو کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی جان کی قربانی دیکر تاریخ کشمیر میں ایک نیا باب رقم کیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شہید عشائی ایک انسانیت دوست،آزادی پسند اور مخلص انسان تھے جنہوں نے زندگی بھر کشمیریوں کی آزادی اور ان کے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے بہیمانہ طریقے سے ڈاکٹر عشائی کو شہید کیاتھااور ان کی شہادت ہمیں ہروقت بھارتی مظالم کی یاد دلاتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادئ کشمیر شہید فاروق عشائی جیسے عظیم شہداء کے خون سے آراستہ ہے اور اس تحریک کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔ڈاکٹر فاروق عشائی کو بھارتی فورسز نے 18فروری 1993ء کو گولی مارکر شہید کیاتھا۔ دریں اثناء لبریشن فرنٹ کے ایک وفد نے سوپور کے علاقے سیر جاکرشہید عبدالغنی وانی المعروف شیر خان اور شہید محمد اکبر نجار المعروف یاسین خان کو ان کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔

وفد میں فرنٹ کے رہنما سراج الدین میر، عبدالرشید مغلو،غلام قادر خان اور عبدالقیوم شیخ شامل تھے۔ اس موقع پر شہداء کیلئے منعقدہ دعائیہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الدین میر نے کہا کہ شہداء کامشن حصول مقصد تک ہرقیمت پر اور ہر صورت میں جاری رہے گا۔ادھر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں پارٹی کے نائب چیئرمین ایڈووکیٹ بشیر احمد بٹ کی گرفتاری اور پارٹی رہنما جاوید احمد زرگر کے گھر پر آئے روز پولیس کے چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی قراردیا۔

متعلقہ عنوان :