سارک چیمبر کا وفد کھٹمنڈو میں منعقدہ چھٹی سارک بزنس لیڈرز کنکلیو میں شرکت کریگا

جنوی ایشیامیںپائے جانے والی55 فیصد تجارتی امکانات سے استفادہ نہیں کیا جاتا‘ افتخار علی ملک

اتوار 18 فروری 2018 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء)سارک چیمبر کا اعلیٰ سطحی وفد کھٹمنڈو میں16 مارچ سے شروع ہونے والے 3 روزہ چھٹی سارک بزنس لیڈرز کنکلیو میں شرکت کرے گا۔ کنکلیو کے انعقاد کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے امکانات کی تلاش ہے۔سارک چیمبر پاکستان چیپٹر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ اس بڑی تقریب میں خطہ کے اقتصادی ،معاشی ،کاروباری شخصیات ،تاجر اور تبدیلی ساز بزنس لیڈرز اکٹھے ہوں گے،جو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جنوبی ایشیا میں کاروباری و اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور درپیش مسائل کے حل کیلئے بحث اور تبادلہ خیال کریں گے تاکہ اقتصادی استحکام کے ذریعے جنوبی ایشیا کو مشترکہ خوشحالی کے راستے پر ڈالا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں جنوبی ایشیائی معیشت پر گہری نظر رکھنے والے با اثر رہنمائوں اور خطہ کی ترقی کے مشعل برداروں کے مابین باہمی اور بالمشافہ تبادلہ خیال بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سارک ممالک کے تاجر رہنما اپنے اپنے متعلقہ ممالک کی حساس فہرستوں میں شامل آئٹمز میں کمی لانے کے مسئلہ پر بھی غور کریں گے تاکہ جنوبی ایشیائی خطہ میں آزادانہ تجارتی معاہدہ (سافٹا)کے تحت تجارتی حجم میں کئی گنا اضافہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سارک ممالک کو غربت کے خاتمہ ،امن اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے جس کیلئے سارک ممالک میں تجارت بہت ضروری ہے۔جنوبی ایشیائی خطہ میںجو تجارتی امکانات پائے جاتے ہیں ان میں سے تقریباً55 فیصد امکانات سے استفادہ نہیں کیا جاتا۔