متعلقہ ادارے صنعتی شعبے کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں‘صدرلاہور چیمبر

ریفنڈز میں تاخیر کی وجہ سے صنعتیں مالی مشکلات سے دوچار ہیں ،جتنی جلد ممکن ہو ادا کیے جائیں‘ ملک طاہر جاوید کی وفد سے گفتگو

اتوار 18 فروری 2018 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید نے عدنان خالد بٹ کی سربراہی میں آنے والے صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کی جس میں درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک طاہر جاوید نے وفد کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر پہلے ہی پوری طرح فعال ہوکر صنعت و تجارت کے لیے کام کررہا ہے اور اپنی انتھک کوششیں جاری رکھے گا۔

عدنان خالد بٹ نے لاہور چیمبر کے صدر کو ریفنڈز میں تاخیر ،ایس آر او 1125اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کے متعلق تفصیلات بتائیں۔ ملک طاہر جاوید نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ صنعتی شعبے کو درپیش یہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریفنڈز میں تاخیر کی وجہ سے صنعتیں مالی مشکلات سے دوچار ہیں لہٰذاریفنڈز جتنی جلد ممکن ہو ادا کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن صنعتکاروں کے ریفنڈز پرانے ہیں انہیں پہلے ادا کیے جائیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے ایس آر او 1125پر صنعتکاروں کے تحفظات دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ صنعتوں کے لیے بجلی گیس کی قیمتیں کم اور ایک مخصوص عرصے کے لیے منجمند ہونی چاہئیں تاکہ وہ کاروباری منصوبہ بندی بہتر انداز میں کرسکے۔ انہوں نے صنعتکاروں کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں درپیش مسائل حل کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔