گراں فروشی کی روک تھام کیساتھ صارفین میںاپنے حقوق کا شعور اجاگر کرنیکی مہم شروع کر دی‘ چیئرمین پی سی سی

دکانداروں سے ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرانے کیلئے سختی سے عملدرآمد کرا رہے ہیں‘ میاں عثمان کی گفتگو

اتوار 18 فروری 2018 12:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ عوام کا استحصال کرنے والوںکے خلاف موثر کریک ڈائون جاری ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ،گراںفروشی کی روک تھام کے ساتھ صارفین میں اپنے حقوق کا شعور اجاگر کرنے کی مہم بھی شروع کر دی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

میاں عثمان نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارروائیوں کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے جسے ہر سطح پر سراہا جارہا ہے ۔تاجر طبقہ ہمارے لئے قابل احترام ہے اور کوشش ہوتی ہے کہ ان کی جائز شکایات کا بھی ازالہ کیا جائے ۔اشیائے خوردونوش کی ریٹ لسٹ مقرر کرتے وقت دکانداروں کے تمام اخراجات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے لئے جائز منافع رکھا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ تاثر قطعاًغلط ہے کہ صرف گلی محلے کی سطح پر چھوٹے دکانداروں کو جرمانے اور گرفتاریاں کی جاتی ہیں ۔تمام اوپن مارکیٹوں اور پوش علاقوں میں اچانک دورے کر کے بلا تفریق کارروائی کی جاتی ہے اس دوران متعدد بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز کو گراں فروشی پر نہ صرف پچاس ہزار روپے سے اوپر جرمانے کئے گئے بلکہ گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں جس کا ریکارڈ بھی موجود ہے ۔

میاں عثمان نے کہا کہ ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کرانے کیلئے سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے ۔ اس کے ساتھ عوام کو بھی آگاہی دی جارہی ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحت نہ صرف دکانداروں سے ریٹ لسٹ دکھانے کا تقاضہ کریں بلکہ زائد قیمت مانگنے پر ہرگز ادائیگی نہ کریں اور شکایات درج کرائیں ۔