اسرائیل اورغزہ کی سرحد پر زورداردھماکہ، چار صیہونی فوجی زخمی،جوابی کارروائی

غزہ میں حماس کے اڈوں پراسرائیلی فضائی حملے ،دھماکوں کا بھرپورجواب دیں گے،نیتن یاہوکا میونخ میں خطاب

اتوار 18 فروری 2018 12:10

اسرائیل اورغزہ کی سرحد پر زورداردھماکہ، چار صیہونی فوجی زخمی،جوابی ..
میونخ/مقبوضہ بیت المقدس/تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2018ء) اسرائیل اور غزہ کی سرحد کے قریب ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چار اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ اس علاقے میں ایک فلسطینی جھنڈا لہرا رہا تھا اور جب فوجی وہاں پہنچے تو دھماکہ ہو گیا۔

اسرائیل نے جوائی کارروائی کرتے ہوئے غزہ میں حماس کے اڈوں پر فضائی حملے کیے۔ ان حملوں میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ۔اسرائیل کی فوج کا کہناتھا کہ اس کے جنگی جہازوں نے حماس کے چھ فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جن میں ایک سرنگ بھی شامل ہے۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ یہ دھماکہ اسرائیل اور حماس کے مجاہدین کے درمیان سنہ 2014 کی جنگ کے بعد سرحد پر ہونے والا سب سے بدترین واقعہ ہے،ابھی تک کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ گزشتہ روز خان یونس شہر کے مشرق میں مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے ہوا۔ادھراسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے جرمنی کے شہر میونخ میں سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے دوران کہا کہ غزہ کی سرحد پر واقعہ بہت سنگین ہے، ہم مناسب طریقے سے اس کا جواب دیں گے۔فلسطینی حکام کا کہناتھا کہ اسرائیلی کارروائی میں حماس کے تین ٹریننگ کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :