Live Updates

عمران خان نے لودھراںکے ضمنی الیکشن میں شکست کی تین وجوہات بتادیں، جہانگیر ترین کا اپنے حلقے میں نہ جانا، اپنے حریف کو کمزور سمجھنا اور مسلم لیگ کی طرح گھر گھر جا کر انتخابی مہم نہ کرنا

ن لیگ نے دھاندلی کے اتنے طریقے نکال لیے ہیں کہ لوگوں کو پتہ بھی نہیں چلتا رکنیت سازی شروع کردی ہے جو امیدوار ممبر سازی میں حصہ نہیں لے گا اس کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 17 فروری 2018 23:50

عمران خان نے لودھراںکے ضمنی الیکشن میں شکست کی تین وجوہات بتادیں، جہانگیر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2018ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ لودھراںکے ضمنی الیکشن میں شکست کی تین وجوہات تھیں، جہانگیر ترین کا اپنے حلقے میں نہ جانا، اپنے حریف کو کمزور سمجھنا اور مسلم لیگ(ن ) کی طرح گھر گھر جا کر انتخابی مہم نہ کرنا ، ن لیگ نے دھاندلی کے اتنے طریقے نکال لیے ہیں کہ لوگوں کو پتہ بھی نہیں چلتا، رکنیت سازی شروع کردی ہے جو امیدوار ممبر سازی میں حصہ نہیں لے گا اس کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیں گے۔

ہفتہ کے روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ لودھراں کا الیکشن وفاقی پنجاب اور لوکل حکومت کے خلاف لڑا ۔ ہم نے سی سی کے اجلاس میں الیکشن میں شکست کی وجوہات جاننے کی کوشش کی، آنے والے دنوں میں شکست کی وجوہات پر کنٹرول کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

کامیاب ٹیم ہمیشہ سیٹ بیک کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے، کرکٹ میں بھی شکست کے بعد اپنی کارکردگی کاجائزہ لیتا تھا، جس دن میچ ہارتا تھا اگلے روز اخبار نہیں پڑھتا تھا کیونکہ میں خود کسی اخبار نویس سے بہتر کرکٹ کا جانتا ہوں۔

ملک میں پانامہ کا مسئلہ چلا رہا تھا اسلئے جہانگیر ترین لودھراں کی عوام کو ٹائم نہیں دے سکے ،انکا کہنا تھاکہ مسلم لیگ کی حکومت ہر حلقے میں ایک سے ڈیڑھ ارب روپے خرچ کررہی ہے، ہم نے لودھراں میں اپنے حریف کو کمزور سمجھا جو ہماری بڑی غلطی تھی۔ مسلم لیگ (ن) والے بلدیاتی انتخابات جیتے ہوئے تھے اور ان لوگوں نے گھر گھر جا کر مہم چلائی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جس حلقے سے جیتتا ہوں اس میں بار بار جانا ناممکن ہے کیونکہ میں پارٹی کا سربراہ ہوں میری ذمہ داری سارے پاکستان کی ہے جو سارے صوبوں میں پھیلی ہے ، مسلم لیگ ن صرف پنجاب کی پارٹی ہے کے پی کے میں حکومت ہے اس پر بھی ٹائم دینا پڑتا ہے ایک حلقے تک خود کو محدود نہیں کرسکتا ۔

میانوالی کے لوگوں نے میری مجبوری کو سمجھا ، مجھے پورے ملک کی سیاست کرنی ہے۔ پارٹی کی ممبر شپ مہم شروع کرنے لگے ہیں جس امیدوار نے ممبر شپ مہم میں محنت نہ کی اس کو ٹکٹ نہیں دیں گے۔ ممبر شپ کا دیٹا حاصل کرنے سے ہمیں پتہ چل جائے گا کتنے ممبرز ہیں جو الیکشن میں کام آئیں گے ۔عمران خان نے کہا ن لیگ نے دھاندلی کے اتنے طریقے نکال لئے ہیں کہ لوگوں کو پتہ ہی نہین چلتا، صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر تلہ گنگ کے جنر ل الیکشن میں 45ہزار جبکہ ضمنی الیکشن میں 76ہزار ووٹ حاصل کرلیتی ہے۔ ضمنی انتخابات میں 30ہزار زیادہ ووٹ حاصل کرلیتی ہے سرگودھا کے الیکشن میں مکمل جائزہ لیں گے ۔ ن لیگ کے جلسوں میں عوام آتی نہیں ہے اور ان کوووٹ بہت زیادہ پڑھ جاتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات