سیلز ٹیکس ریفنڈ اس ماہ شروع کردیں گے،مشیر وزیراعظم مفتاح اسماعیل

ہفتہ 17 فروری 2018 22:48

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اسی ماہ سیلز ٹیکس ریفنڈز واپس کر دیئے جائیں گے، اس حوالے سے تیاری مکمل کر لی گئی ہے، آئندہ عام انتخابات میں این اے 252 کراچی سے شیر کے نشان پر الیکشن لڑوں گا، کراچی کے عوام نے کئی جماعتوں کو ووٹ دے کر آزمایا ہے، اس بار پاکستان مسلم لیگ (ن) کو مواقع فراہم کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونائیٹڈ میمن جماعت آف پاکستان کی جانب سے ہفتہ کو ان کے عزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں یونائیٹڈ میمن جماعت آف پاکستان کے صدر عزیز میمن اور میمن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مشیر وزیراعظم مفتاح اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت کے مثبت اقدامات کی وجہ سے ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال ٹیکس ریکوری کا ہدف 4 ٹریلین روپے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے جی ڈی پی گروتھ کا 10 فیصد ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عام انتخابات میں کراچی کے عوام شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کو منتخب کریں گے۔ مفتاح اسماعیل نے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے یونائیٹڈ میمن جماعت کو مبارکباد بھی پیش کی۔ اس موقع پر کمیونٹی کے صدر عزیز میمن نے عشائیہ میں آمد پر وزیراعظم کے مشیر مفتاح اسماعیل کا شکریہ ادا کیا اور یونایٹئڈ میمن جماعت کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر میمن کمیونٹی کے لئے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :