کرپشن اقرباء پروی اورکمیشن کی سیاست پر لعنت بھیجتاہوں،

عوام سے جو وعدے کئے تھے پورے کر دکھائے ہیں ، اسد قیصر عمران خان25فروری کو گدون میں اوتلہ ڈیم کا افتتاح کرینگے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک 20فروری کو نبی (صوابی) کے مقام پر پی اے ایف کیڈٹ کالج کمپلکس کاافتتاح کرینگے اربوں کے میگاپراجیکٹس کے اجراء کے باعث صوابی کو ماڈل ضلع بنایا جارہا ہے،سپیکر خیبر پختونخوا ا سمبلی

ہفتہ 17 فروری 2018 22:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2018ء) سپیکر خیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کرپشن اقرباء پروی اورکمیشن کی سیاست پر لعنت بھیجتاہوں عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ سب پورے کر دکھائے ہیں ۔گدون میں اوتلہ ڈیم کے افتتاح کے لئے 25فروری 2018کو عمران خان آرہے ہیں ۔جبکہ 20فروری 2018کو نبی (صوابی) کے مقام پر پی اے ایف کیڈٹ کالج کمپلکس کاافتتاح وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کریں گے ۔

اربوں روپے کے میگاپراجیکٹس کے اجراء کے باعث صوابی کو ایک ماڈل ضلع بنایا جارہا ہے ۔انہوںنے ان خیالات کا اظہارگدون کے موضع تکیل میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے تحصیل ناظم ٹوپی سہیل یوسفزئی اور پی ٹی آئی کے ضلعی راہنمارنگیزخان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ سی پیک کے تحت صوبے میں میگاپراجیکٹس شروع کئے جائیں گے ۔

جس کے لئے انہوںنے ہائی کورٹ کے ذریعے صوبے کے عوام کی خیر خواہی کے لئے جنگ جیتی ہے ان منصوبوں کے اجراء سے خیبرپختونخوامیں روزگارکے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے ۔لہٰذا لوگ روزگارکیلئے بیرونی ممالک نہیں جاناپڑے گابلکہ اپنے صوبے میں روزگار ملے گا ۔اے این پی کو ہمارا شکرگزار ہونا چاہیئے کہ ہم نے صوبے میں امن وآمان قائم کیا ۔لوگ بے خوف جلسے جلوس کررہے ہیں ۔

سپیکر نے کہا کہ آئندہ چاروں صوبوں سمیت مرکز میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومتیں قائم ہوگی اور عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوں گے ۔انہوںنے کہا کہ وہ سیاست عبادت سمجھ کر کرتے ہیں اور نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنانے کا تہیہ کرچکے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتاہوں کہ میں نے اپنے مٹی اور عوام کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کر دیا ہے اور روزقیامت عوام کی ایک ایک پائی کا حساب دینے کیلئے تیارہوں ۔

انہوںنے اللہ سے سوال کیا کہ وہ پاک ذات ان کو سمجھ بوجھ عطاکرے تاکہ وہ حقیقی معنوںمیں عوام کی خدمت کرسکیں ۔انہوںنے کہا کہ الیکشن کے دوران جتنے وعدے عوام سے کئے تھے وہ سب پورے کر دکھائے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ صوابی کو ایک ماڈل ضلع بنانے کے لئے دن رات کام کررہاہوں اور واشگاف الفاظ میں کہا کہ وہ صوابی کے عوام کا شملہ عزت سے بلندکرکے دم لیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ وہ ایک عام آدمی ہے لہٰذا عوام کے مسائل بخوبی سمجھتے ہیں اور ان کا حل تلاش کرنا بھی جانتے ہیں ۔سپیکر نے کہا کہ 22سال تحریک انصاف کے ساتھ منسلک رہ کر دن رات محنت اور جدوجہد کی اور آج اس مقام پر پہنچاہوں ۔تحریک انصا ف سپیکر شپ کا عہدہ مجھے نہیں بلکہ صوابی کے عوام کو دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ اے این پی اور ایزی لوڈاورکرپشن والی پارٹی ہے جس کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوکرواپس صوابی کے عوام کوبے یارومددگارچھوڑدیا اورمڑکر بھی صوابی کی طرف نہیں دیکھا ۔

جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت جب بھی آئی انہوںنے صوابی کے عوام کو محرومیوں کو دوچار کیا پہلے گدون کی مراعات چھین لی ،پھر صوابی کاپانی چوری کرکے عوام کو بے روزگارکیا اور تیسری مرتبہ صوابی سے گیس کے پائپ اٹھاکر لے گئے ۔انہوںنے کہا کہ ایسی پارٹیوں کے نمائندوں پر کبھی اعتبارنہیں کیا جاسکتا۔تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے عوام کو عزت دی ۔

متعلقہ عنوان :