میاں نواز شریف 28جولائی کے فیصلے کے بعد بھی پورے قد سے کھڑے ہیں ،وفاقی وزیر دفاع

ہفتہ 17 فروری 2018 22:33

گوجرانوالہ۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف 28جولائی کے فیصلے کے بعد بھی پورے قد سے کھڑے ہیں ،مسلم لیگ ن عدالتی فیصلے کے بعد مزید مضبوطی پکڑ چکی ،9مارچ کو اہل گوجرانوالہ خادم پنجاب میاں شہباز شریف کو جناح سٹیڈیم میں شاندارخراج تحسین پیش کریں گے ،ان خیالات کااظہار انہوںنے ایم پی اے چوہدری اشرف علی انصاری کی رہائش پر پی پی 93کے چیئرمینوں وائس چیئرمینوں اور پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ قائد نواز شریف کی استقامت اور جرات نے انہیں عوام کے ساتھ ایک اٹوٹ رشتے میں باندھ دیا ہے،یہی وجہ ہے کہ وہ جہاں بھی جائیں عوام انکی جانب دیوانہ وار کھینچے چلے جاتے ہیں ، اہل گوجرانوالہ 9 مارچ خادم پنجاب میاں شہباز شریف کا تاریخی اور فقیدالمثال استقبال کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے چوہدری اشرف علی انصاری نے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی حلقہ پی پی 93سے بہت بڑاجلوس جناح سٹیڈیم پہنچے گا ،جلسے کی تیاریوںکے لئے ہر یونین کونسل میں کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے گا۔