مہاجر قوم کی تباہی کی ابتدا اسی دن ہوگئی تھی جب مہاجر مخالف ایجنڈے پر کارفرماں طاقتوں نے نوجوانوں کی محرمیوںاور مجبوریوں کو اپنا ہتھیار بناکر انکی تہذیب ،روایات اور ثقافت سے دور کرد یا تھا، ایم کیو ایم پاکستان

ہفتہ 17 فروری 2018 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے سیکریٹری مالیات تنویر قریشی نے کہا کہ مہاجر قوم کی تباہی کی ابتدا اسی دن ہوگئی تھی جب مہاجر مخالف ایجنڈے پر کارفرماں طاقتوں نے معصوم مہاجر نوجوانوں کی محرمیوںاور مجبوریوں کو اپنا ہتھیار بناکر انکی تہذیب ،روایات اور ثقافت سے دور کرد یا تھااور انہیں جرائم کی دلدل میں دھکیل دیا گیا تھا،اور اساتذہ اوربزرگوںکا احترام نوجوانوںکی شخصیت سے نکال پھینکا تھا۔

تنویر قریشی نے کہا کہ نوجوانوں کو درسگاہوں اور لائبریریوں سے دور کرمنشیات ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیو کا حصہ بننے کیلئے چھوڑدیا تھا جس کا خمیازہ ہماری تین نسلوں نے بھگتا ہے، جو اپنی قوم کا مضبوط سہارا بن سکتے تھے انہیںجرم و گناہ کی دلدل میں دھکیل دیا گیا اورجیلیں مہاجرنوجوانوں سے بھرگئیں۔

(جاری ہے)

تنویر قریشی نے کہاکہ مہاجر قوم کو ایک بار پھر حصول علم کو مقصد حیات بنانا ہوگا جبکہ آفاق احمد نے درسگاہوں اور تعلیمی اداروں کو آباد کرنے اور نقل کلچر کو اپنے معاشرے سے ہمیشہ کیلئے دور کرنے کیلئے جو آواز حق بلند کی اس میں پوری قوم کو اپنا حصہ ملانا ہوگا۔

تنویرقریشی نے کہا کہ سیاست علاقائی ہو یا قومی ہر جگہ مہاجروں کے ساتھ تعصب برتا جارہا ہے ،کراچی جو کبھی پاکستان کی سیاست کا محور تسلیم کیا جاتا تھا آج اسکی شناخت دہشت گرد اور مافیا طرز سیاست کرنے والے بن چکے ہیں ،جس سے نجات کیلئے الزام برائے الزم،اشتعال انگیزی اور محاذ آرائی کی سیاست ترک کرکے تحریر ،تقریر اور دلائل کی سیاست کو فروغ دینا ہوگا ۔تنویر قریشی نے کہا کہ برسراقتدار جماعتیں کراچی کے نوجوانوں کو تعلیم و ہنر سے بے بہرہ رکھنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہی ہیں جسے ناکام بنانے کیلئے مہاجر قوم کو حکمت عملی بنانی ہوگی جس میں مہاجر قومی موومنٹ انکا مکمل ساتھ دے گی کیونکہ یہ خالصتاً قومی مسئلہ ہے اور چیئرمین آفاق احمد نے ہمیشہ قوم کو فوقیت دی ہے۔ #