لبرل ازم ،سیکولرازم کی بنیادپر مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی سازش اب ختم ہونی چاہیے ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی مذمت کرتے ہیں مگر گستاخی رسولؐ کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے،ثروت اعجاز قادری

ہفتہ 17 فروری 2018 22:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ لبرل ازم ،سیکولرازم کی بنیادپر مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی سازش اب ختم ہونی چاہیے ،انسانیت کے احترام اور انسانیت کی منزلت کا جو درس دین اسلام نے دیا وہ دنیا کے کسی مذہب میں نہیں ہے ،ناموس رسالت ؐ کے قانون کو کتابوں میں بند کرکے رکھ دیا گیا ہے ،یہود نصاری اور ان کے ایجنٹ کھلے عام گستاخی رسول اور شعائر اسلام کے خلاف زہر اگل رہے ہیں مگر انہیں لگام دینے والا کوئی نہیں ہے ،انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی مذمت کرتے ہیں مگر اسلام میں بگاڑ کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے ۔

انسانی حقوق کا دم بھرنے والوں نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر آنکھیں بند رکھیں ہیں ،آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ،دین اسلام کے حقیقی محبت ،بھائی چارگی اور انسانیت کے احترام کو فروغ دینا ہوگا ،خلفاء راشدین کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کواسلام کا قلعہ اس لئے کہا جاتا ہے کہ یہاں عاشقان مصطفی ؐ کی اکثریت ہے ،پاکستان کا آئین اسلام کے تابع ہے ،295-Cکا قانون قر آن وحدیث کی تشریح اور علماء کرام کا اجماع ہے ،انہوں نے کہا کہ عشق رسول ؐ کے بغیر اللہ عزوجل کی بارگاہ میں کوئی عبادت مقبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلمہ ،نماز ودیگر عبادات کو مقبول بنانا ہے تو اللہ جن سے محبت کرتا ہے ان سے پیار کرو اللہ تعالیٰ راضی ہوجائیگا ۔صحابہ کرام ،اولیاء اللہ نے اپنی پوری زندگی اللہ عزوجل کی راہ اور عشق مصطفی ؐ میں صرف کردی ۔انہوں نے کہا کہ سکولوں ،کالجوں ،اخبارات اور ٹی وی پر لبرل ازم کے نام پر دین میں تحریف کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالتؐ کے قانون موت کی سزا کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ناموس رسالتؐ کے قانون کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

متعلقہ عنوان :