تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کی بری امام میں کارروائی، بدنام زمانہ منشیات فروش گرفتار

ہفتہ 17 فروری 2018 21:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2018ء) تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے بری امام میں کارروائی کر کے بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا،منشیات فروش ناصر علی اسلام آباد کے مختلف حصوں اور خصوصا تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرتا تھا،ملزم سے دوکلو سے زائد چرس برآمدکر کے مزیدتفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ شبیر احمد تنولی کی زیر نگرانی سب انسپکٹر محمد یوسف معہ ملازمان پر مشتمل پولیس ٹیم نے بری امام میں ایک کارروائی کے دوران بدنام زمانہ منشیات فروش ناصر علی کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج رجسٹر کر لیاہے،ملزم بذریعہ ٹیلی فون اپنے گاہگوں کو منشیات سپلائی کرتا تھا اور باہر سے منگواتا تھا،پولیس ٹیم نے ملزم کو انتہائی حکمت عملی سے ٹریس کر کے گرفتار کیا ،ملزم کے قبضہ سے دوکلو 30گرام چرس برآمد کر لی ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے بھی پولیس ٹیم کو متحرک کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران ملز م نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں خصوصا تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔ایس ایس پی اسلام آباد نجیب الرحمان بگوی نے ایس ایچ او سیکرٹریٹ شبیر احمد تنولی اور ٹیم کو شاباش اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے اور تمام افسران کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ منشیات فروشی جیسے مکروہ دھندے میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون کو مزید تیز کیا جائے اور اس میں ملوث ملزمان اور ڈیلرز کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں پولیس کو اطلاع دے کر اپنا قومی فریضہ نبھائیں ۔اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :