ماضی کی حکومتوں نے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی،بلوچستان مسائلستان بنا ہوا ہے ،میر عبدالکریم نوشیروانی

مسائل بہت زیادہ اور وسائل کم ہیں اس کے باوجود وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو اور ان کی کابینہ کی کوشش ہے عوام کے ان مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کریں،وفودسے گفتگو

ہفتہ 17 فروری 2018 21:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2018ء) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و ٹرانسپورٹ میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت مسائلستان بنا ہوا ہے کیونکہ ماضی کی حکومتوں نے صوبے کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی۔ گو کہ مسائل کا یہ انبار موجودہ صوبائی حکومت کے کندھوں پر آپڑا ہے اور عوام کا کافی دبائو ہے مسائل بہت زیادہ ہیں اور وسائل کم ہیں لیکن اس کے باوجود وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور ان کی کابینہ کی یہ کوشش ہے کہ وہ عوام کے ان مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کریں جس کیلئے موجودہ حکومت کو بیورو کریسی کا تعاون بھی درکار ہے۔

یہ بات اُنہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وزیراعلیٰ کے مشیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں بے روزگاری انتہا کو پہنچ چکی ہے بھوک و افلاس اور غربت آخری لکیر کو بھی کراس کرچکے ہیں بلوچستان میں کوئی صنعت ہے نہ فیکٹری زمینداری کی حالت یہ ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی زیر زمین گرتی سطح سے زمینداروں اور کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے اور وہ نان شبینہ کے محتاج ہو کررہ گئے ہیں اگر دیکھا جائے تو زندگی کے ہر شعبے میں بلوچستان کو نقصان ہورہا ہے جس کی وجہ سے عوامی مسائل بڑھتے جارہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ ہم ایک حد تک جائیں اور ان مسائل کو حل کریں موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں نیک نیتی سے ان مسائل کو کم وسائل میں حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے جبکہ موجودہ حکومت کے پاس وقت بھی بہت کم ہے اُنہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کے مقابلے میں دیکھا جائے تو اصل طاقت بیورو کریٹس ہیں جب تک یہ بیورو کریسی موجودہ حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی اس وقت تک یہ مسائل جوں کے توں رہیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ میری صوبے کی افسر شاہی سے یہ اپیل ہے کہ خدارا وہ صوبے کے غریب عوام پر رحم کھائیں اور موجودہ صوبائی حکومت جو نیک نیتی سے عوامی مسائل کو حل کرنا چاہتی ہے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ میں چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق جو کہ ایک اچھی اور مثبت سوچ رکھنے والی شخصیت کے مالک ہیں ان کی سوچ و فکر بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ہے میں ان سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ صوبے کی بیورو کریسی کو عوامی مسائل حل کرنے اور موجودہ صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی ہدایت کریں تاکہ موجودہ حکومت مضبوط و مستحکم ہو اور عوامی مسائل عوام کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :