پشاورزلمی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ باز اسپنر ثقلین مشتاق کواسپن بالنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا

ہفتہ 17 فروری 2018 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) پاکستان سپرلیگ کی دفاعی چمپئن پشاورزلمی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ باز اسپنر ثقلین مشتاق کو ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اپنے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرتے ہوئے اسپن بالنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا۔پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں گزشتہ سال پی ایس ایل کا چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے ہیڈ کوچ محمد اکرم ہیں۔

پشاور زلمی کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ محمد اکرم کو اب عظیم آف اسپنر ثقلین مشتاق کا تعاون بھی حاصل ہوگا جو ٹیم کے اسپن بالنگ کنسلٹنٹ ہوں گے۔اسپن بالنگ کے شعبے میں دوسرا گیند متعارف کروانے والے سابق عظیم بالر 18 فروری کو دبئی میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔یاد رہے کہ ثقلین مشتاق کو اسپن بالنگ کی کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور اس سے قبل انہوں نے انگلینڈ کی قومی ٹیم کے اسپن بالنگ کوچ کے طور پر کام کیا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں ہوگا جہاں پشاور زلمی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے افتتاحی میچ ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔پشاور زلمی کو اس مرتبہ سابق کپتان شاہد آفریدی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ وہ ٹیم چھوڑ کر کراچی کنگز میں شامل ہوچکے ہیں جہاں وہ عماد وسیم کی قیادت میں کھیلیں گے۔

متعلقہ عنوان :