نادرا کراچی کی عوام کے ساتھ جاری ظلم و زیادتی بند کرے ، مبشر امام

ہفتہ 17 فروری 2018 21:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2018ء) نادرا کراچی کی عوام کے ساتھ جاری ظلم و زیادتی بند کرے اور انہیں شناختی کارڈ کے حصول میں سہولیات مہیا کرے۔ خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کو گھنٹوں لائنوں میں لگنے کے بعد شناختی کارڈ کے اندراج کے لیے منع کر دیا جاتا ہے۔ نادرا کے اپنے ملازمین بھی اس صورتحال کی وجہ سے اذیت کا شکار ہیں اور آئے روز کے جھگڑوں سے تنگ ہیں۔

انتظامیہ عوام اور ملازمین کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے اور کراچی کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے۔ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل اور مجوزہ امیدوار برائے سینیٹ مبشر امام نے پاکستان ہاؤس میں اورنگی ٹاؤن سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

وفد کے شرکاء نے انہیں شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

مبشر امام نے اس موقع پر کہا کہ پاک سر زمین پارٹی عوام کے ساتھ نادرا کی انتظامیہ کی جانب سے جاری رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن کو یقینی بنایا جائے اور تمام تر ضروری دستاویزات ہونے کی صورت میں صارفین کو مقررہ مدت میں شناختی کارڈ مہیا کرکے ذہنی اذیت میں مبتلا ہونے سے بچایا جائے۔

شناختی کارڈ پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور بغیر کسی تفریق اور تکلیف کے اس کی پاکستانی قوم کو فراہمی نادرا انتظامیہ کی بنیادی زمہداری ہے۔ نادرا کی انتظامیہ کراچی میں اپنے دفاتر اور کام کے طریقے کار کا ازسرِ نو جائزہ لے اور اپنی پالیسی مرتب کرنے میں اپنے ملازمین کو بھی شریک کرے تاکہ ان کے مسائل حل اور انکی کارکردگی بہتر ہو جس سے عوام کو ریلیف حاصل ہو سکے۔#

متعلقہ عنوان :