آصف زرداری نے رائو انوار بارے الفاظ سہون ادا کئے، کسی کو تکلف پہنچی تو افسوس کا اظہار کرتے ہیں، فرحت اللہ بابر

سابق صدر نے ایک دوسرے انٹرویو میں ماورائے عدالت قتل کو مجرمانہ، قابل نفرت اور ناقابل تسلیم قرار دیا ، ملوث لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا کہا ہے ، پارٹی ترجمان

ہفتہ 17 فروری 2018 21:15

آصف زرداری نے رائو انوار بارے الفاظ سہون ادا کئے، کسی کو تکلف پہنچی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز آصف علی زرداری نے پرائیویٹ چینل انٹرویو دیتے ہوئے اپنے ریمارکس جن سے یہ تاثر ملا کہ وہ بھگوڑے سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کو سپورٹ کر رہے ہیں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آصف علی زرداری نے یہ الفاظ سہون ادا کئے اور اگر کسی کو اس سے تکلیف پہنچی ہے تو وہ اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔

سابق صدر نے ایک دوسرے ٹی وی انٹرویو میں یہ بات تسلیم کی کہ رائو انوار کے متعلق ان کے الفاظ سہون ادا ہوئے۔ سابق صدر نے ماورائے عدالت قتل کو مجرمانہ، قابل نفرت اور ناقابل تسلیم قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ جو لوگ بھی اس میں ملوث ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زبردستی غائب کر دینا اور ماورائے عدالت قتل ایک جیسے جرائم ہیں۔ یہ بات کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایسے اقدامات کی کسی بھی حالت میں سپورٹ کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر پارٹی کا ریکارڈ خود بولتا ہے۔ سابق صدر کو اس بات کا احساس ہے کہ گفتگو کی روانی میں ان کے الفاظ سے تکلیف پہنچی ہوگی اور وہ اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔