(ن) لیگ عوامی خدمت کو ہی سیاست اور عبادت کا درجہ دیتی ہے‘ رفیق رجوانہ

طب کا پیشہ انتہائی مقدم اور مقدس ،ڈاکٹرزحضرات مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں ‘ گورنر پنجاب

ہفتہ 17 فروری 2018 19:58

(ن) لیگ عوامی خدمت کو ہی سیاست اور عبادت کا درجہ دیتی ہے‘ رفیق رجوانہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ طب کا پیشہ انتہائی مقدم اور مقدس جبکہ ڈاکٹرزحضرات مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں ، مالک کائنات نے آپ کے کندھوں پر جو بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے آپ نہ صرف مختلف امراض میں مبتلا انسانوں کی امید ہیں بلکہ آپ کی یہی مسیحائی آپ کی سچائی اور بڑائی کا ثبوت ہی-ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال میڈیکل کالج کے سولہویں کانووکیشن کے موقع پر کامیاب طلباء و طالبات سے خطاب کے دوران کیا ۔

گورنرپنجاب نے کہاکہ بلاشبہ یہ ڈگریاں آپ کی محنت کا پھل اور اعزاز ہیں لیکن اس اعزاز کے صحیح حقدار آپ کے والدین اور اساتذہ کرام ہیں جو آپ کو اس مقام پر اپنی شبانہ روز محنت سے لائیں ہیں -انہو ںنے کہاکہ میری یہ دلی خواہش ہے کہ آپ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے محض بڑے بڑے شہروں کا انتخاب نہ کریں بلکہ چھوٹے چھوٹے قصبوں اور دوردراز پسماندہ مقامات میں رہنے والے مختلف امراض میںمبتلا مریضوںاور لاچار لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار اور ترجیح رکھیں ، یہی جذبہ آپ کے پروفیشن کی معراج اور پاکستان کا ادھار ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ انسانوں کی حقیقی خدمت ہی سچی سیاست ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ صوبہ پنجاب کی خوش قسمتی ہے کہ کہ انہیں میاں محمد شہباز شریف کی صورت میں ایک انتہائی باہمت ، بااصول اور بے لوث وزیر اعلی میسر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت عوامی خدمت کو ہی سیاست اور عبادت کا درجہ دیتی ہے ۔ کانووکیشن میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر محمد راشد ضیاء ، سینئر پروفیسر ز اور فیکلٹی ممبران ، طلباء و طالبات کے والدین کے علاوہ دیگر مہمانان گرامی نے خصوصی طور پر شرکت کی - کانووکیشن میں 310 میڈیکل گریجوایٹ کو ڈگریاں اور پوزیشن ہولڈر کو میڈل دیے گئے جس میں 28گولڈ،33 سلو ر، اور05 کانسی کے میڈل شامل تھے ۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر راشد ضیاء نے ادارے کی کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کالج کے جاری پروگرامز پر گورنر پنجاب کو آگاہ کیا ۔عدازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے لاہور سکول آف اکانومکس کے کانووکیشن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے مواقع مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیار تعلیم کی بہتری کے لئے متعدد تعلیم پروگرام شروع کر رکھے ہیں جن سے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم اداروں میں معیار تعلیم کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔ گورنر نے کہا کہ بلاشبہ موجودہ حکومت کو مختلف مسائل کا سامنا ہے لیکن حکومت کی مؤثر پالیسیوں کی وجہ سے ان مسائل کو یقینی طور پر ختم کیا جارہا ہے۔

گورنر پنجاب نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ معاشرے کے وہ خوش قسمت انسان ہیں جنہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا ، آپ کی کامیابی میں اللہ تعالیٰ کی مدد کے بعد آپ کے والدین، اساتذہ کرام کے ساتھ آپ کا پیا را وطن اور ملک کے عوام بھی اسٹیک ہولڈر ہیں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ ڈگری لینے کے بعد خود کو گھروں تک محدود نہ کریں بلکہ معاشرے کی بہتری ، ملک کی ترقی ، خوشحالی اور مستقبل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے تعلیم مکمل کرنے والے طلبا ء و طالبات میں میڈلز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ اقبل ازیں ادارے کے ریکٹر ڈاکٹر شاہد امجد چوہدری نے خطبہ استقابلیہ پیش کیا اور ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔