Live Updates

مسلسل 24 سال سینیٹ کا رکن ہونا میرے لئے باعث فخر ہے،سینیٹر الیاس بلور

اب دوسرے لوگوں کیلئے جگہ چھوڑ رہا ہوں لیکن پارٹی ورکر کی حیثیت سے کام کرتا رہوں ہم نے پارٹی ورکر کو ٹکٹ دیا ہے ، تحریک انصاف نے ایک سرمایہ دار کو ٹکٹ دے کر ثابت کردیا ہے اس کے قول و فعل میں تضاد ہے عمران خان کو کے پی کے خوبصورت بنانے کیلئے ووٹ دیا تھا لیکن اس نے پھولوں کا شہر پشاور کھنڈر بنا دیا ہے جو پشاور کے شہریوں کیلئے ظلم ہے ۔ آئندہ الیکشن میں کے پی کے عمران خان کے ہاتھ سے نکل جائے گا کیونکہ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کافی پیسہ بنالیا ہے،انٹرویو

ہفتہ 17 فروری 2018 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی راہنماء سینیٹر الیاس بلور نے کہا ہے کہ مسلسل 24 سال سینیٹ کا رکن ہونا میرے لئے باعث فخر ہے اب دوسرے لوگوں کیلئے جگہ چھوڑ رہا ہوں لیکن پارٹی ورکر کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گا۔ گزشتہ روز آن لائن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی نے کبھی بھی سرمائے کی سیاست اور ہارس ٹریڈنگ کی حوصلہ افزائی نہیں کی یہی وجہ ہے کہ میں پہلی دفعہ صرف 3 ہزارروپے خرچ کرکے ملک کے اہم ترین ایوان کا رکن منتخب ہوا تھا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے علاوہ دیگر سیاسی پارٹیوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سرمائے کی سیاست کے نظریئے کو فروغ دیا ہے۔ 2003 ء میں ہمارے پاس صرف 10 اراکین صوبائی اسمبلی تھے اس وقت میں نے اور اسفند یار ولی خان نے سخت محنت کی جس کی وجہ سے میں سینیٹر منتخب ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ 2012 ء میں میں نے سینیٹ کی تاریخ میں ریکارڈ ووٹ لئے اور 69 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوا تھا اس کا سہرے میرے بھائی بشیر بلور کے سر تھا کیونکہ اس کے لوگوں کے ساتھ ذاتی تعلقات تھے۔

الیاس بلور نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور میں نے اپنی اپنی پارٹیوں کے پلیٹ فارم سے سینیٹر منتخب ہوکر ایک ریکارڈ بنایا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر اور پارٹی کی مہربانی ہے کہ میں نے سینیٹ میں جاکر قوم کی خدمت کی اور اہم ترین قانون سازیوں میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں سینیٹ کی اہمیت اور کردار میں مزید اضافہ ہوا ہے اور سینیٹ سے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف کا خطاب زبردست تجربہ رہا ہے اس سے سینیٹ کی قدر و منزلت میں اضافہ ہوا۔

کیونکہ دو ایسے اداروں کے سربراہ ایوان کے رو برو پیش ہوئے جن کے بارے میں عوامی سطح پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ ان کی وجہ سے جمہوریت کمزور ہوئی لیکن دونوں سربراہان نے یقین دلایا کہ ان کا ہر قدم جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہوگا۔ انہوں نے کاہ کہ پارلیمنٹ سے اٹھارہویں ترمیم کی منظوری کے ذریعے صوبائی خود مختار ایک بڑا کارنامہ ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ ہم نے پارٹی ورکر کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے ایک سرمایہ دار کو ٹکٹ دے کر ثابت کردیا ہے کہ اس کے قول و فعل میں تضاد ہے۔

سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ میں نے اور ہمارے دیگر راہنمائوں نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں جیلیں برداشت کی ہیں لیکن عمران خان جیل برداشت کرنے کی ہمت نہیں رکھتا اور مجھے مکمل یقین ہے کہ وہ بھاگ جائے گا کیونکہ جیل میں دودھ اور مکھن نہیں ملتا۔ سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو کے پی کے خوبصورت بنانے کیلئے ووٹ دیا تھا لیکن اس نے پھولوں کا شہر پشاور کھنڈر بنا دیا ہے جو کہ پشاور کے شہریوں کیلئے ظلم ہے۔ اور ہماری آنے والی نسلیں اسے برا کہتی رہیں گی۔ آئندہ الیکشن میں کے پی کے عمران خان کے ہاتھ سے نکل جائے گا کیونکہ وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کافی پیسہ بنالیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات