بلوچستان میںقیام امن کے لئے پولیس کو بااختیار بناتے ہوئے ہر قسم کے دباؤ سے آزاد کیا ،میر عبدالقدوس بزنجو

پولیس کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے کئی چیلنجز درپیش ہیں ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور فورسز پر حملے لمحہ فکریہ ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 17 فروری 2018 19:38

بلوچستان میںقیام امن کے لئے پولیس کو بااختیار بناتے ہوئے ہر قسم کے ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار قیام امن کے لئے پولیس کو بااختیار بناتے ہوئے ہر قسم کے دباؤ سے آزاد کیا ہے بلوچستان پولیس کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے کئی چیلنجز درپیش ہیں ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی اور فورسز پر حملے لمحہ فکریہ ہیں تاہم باعث اطمینان امر یہ ہے کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز جوانمردی سے حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں اور جانوں کا نزرانہ پیش کر کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اے ٹی ایف ٹریننگ اسکول میں ساتویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بحیثت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر صوبائی وزراء میر سرفراز خان بگٹی، طاہر محمود خان۔

(جاری ہے)

میر عامر خان رند، شیخ جعفر خان مندوخیل، میر عاصم کرد گیلو ، حاجی محمد اکبر آسکانی، مشیر میر ضیاء لانگو، میر شہزاد صالح بھوتانی، میر اعجاز سنجرانی، رکن اسمبلی میر حمل کلمتی، انجینئر زمرک خان، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگ زیب حق، آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری، کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری، کمانڈنٹ پی ٹی سی اے ٹی ایف اسد فاروق سمیت اعلیٰ پولیس وایف سی افسران اور سول حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے حسب ضرورت اسلحہ گاڑیاں ضروری سازوسامان فراہم کیا جائے گا اور بلوچستان پولیس کی ہر ضرورت کو پورا کیا جائے گا صوبے میں قیام امن کی جدوجہد میں پولیس کو ریاست کی طاقت اور اللہ کی نصرت حاصل ہے ہمیں دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینی ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے بہتر طور پر نبرد آزما ہونے کے لئے پیشہ ورانہ تربیت نہایت ضروری ہے اس لئے پولیس کا ہر جوان پیشہ ورانہ تربیت کے لئے خود کو رضا کارانہ طور پر پیش کرے انہوں نے کہا کہ اچھا افسر بننے کے لئے اچھی تربیت لازمی ہے اور پیشہ ورانہ تربیت کے بغیر دہشت گردی سے نبردآزما ہونا ایک مشکل کام ہے میر عبدالقدوس بزنجو نے اے ٹی ایف کی پیشہ ور تربیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمانڈنٹ اے ٹی ایفٹریننگ سینٹر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا انہوں نے تربیت سے فارغ ہونے والے اہلکاروں کو نصیحت کی کہ تربیت کے بعد اے ٹی ایف اہلکار پہلے سے زیادہ موثر انداز میں اپنے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنائیں اور فرائض کی انجام دہی کے دوران انسانی حقوق اور شہریوں کے عزت نفس کے تقدس کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنی بہتر صلاحیتیں بروئے کار لائیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بہبود اور فورس کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے پولیس اہلکاروں کی اپ گریڈیشن اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ پولیس اہلکار معاشی پریشانیوں سے مبرا ہو کر اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی یکسوئی سے کر سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یقین دلایا کہ اے ٹی ایف ٹریننگ سینٹر کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی اس سلسلے میں آئی جی پولیس کی جامع تجاویز پر دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے اقدامات یقینی بنائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لئے نقد انعامات کا اعلان کرتے ہوئے تعریفی اسناد تقسیم کیں اس سے قبل اے ٹی ایف کے اہلکاروں نے مختلف تربیتی مشقوں کا عملی مظاہرہ کیا اور معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی گی ۔